تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: عینی
ملبوسات: ایچ ایف ڈی انٹرنیشنل( کلفٹن، کراچی)
آرایش: روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایس ایم ریاض
لے آؤٹ: نوید رشید
عیدین اور تقریبات کا چولی دامن کا ساتھ ہے کہ عموماً بعد از عید، کہیں عید ملن دعوتیں ہوتی ہیں، تو کہیں منگنی یاشادی بیاہ کی کسی تقریب کا اہتمام ہورہاہوتا ہےاور دونوں ہی صُورتوں میں جب اپنے پیاروں کے سنگ مِل بیٹھ کے ڈھیروں ڈھیر خوشیاں کشید کی جائیں،تو زندگی کا لُطف دوبالا ہوجاتا ہے۔اور ایسے مواقع پر خاص طور پہ لڑکیوں بالیوں یا نئی نویلی دلہنوں کی کوشش ہوتی ہے کہ خود کو آراستہ و پیراستہ کرنے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے۔ تو لیجیے، آج ہم نے بھی اپنی بزم کچھ ایسے ہی لمحات کے لیے جدّت و ندرت سے بَھرپور، خوش رنگ و خوش نُما سے تقریباتی پہناووں سے مرصّع کردی ہے۔
ذرا دیکھیے، باٹل گرین، زرد اورعنّابی رنگوں کے امتزاج میں بھاری کام دار میکسی کس قدر حسین و دِل کش لگ رہی ہے۔ پھر گہرے پیلے رنگ کی اسٹائلش سی قدرے لمبی فراک کی دِل آویزی بھی کمال ہے کہ جس کے فرنٹ پر سیاہ سیکوینس، ستارہ ورک چار چاند لگا رہا ہے، تو اطراف میں سیاہ رنگ کلیوں کی جاذبیت غضب ڈھا رہی ہے۔ لباس کی مناسبت سے زیورات کا انتخاب بھی خُوب ہے۔ پھر ایک جانب سُرخ اور سیاہ کے کنٹراسٹ میں کام دار انگرکھے کا دلبرانہ انداز ہے کہ جس کی سیاہ رنگ باڈی پر نگوں ، موتیوں کا کام ہے، تو گھیر پر فیروزی اور بیج رنگ بنارسی پٹّی کے ساتھ ستارہ لیس کی ہم آمیزی ہے، تو دوسری جانب فون اور میجنٹا رنگوں کے حسین کامبی نیشن میں کام دار فرنٹ اوپن میکسی کی جدّت و ندرت بھی اپنی مثال آپ ہے۔
یقین کیجیے، آپ یہ زرق برق ملبوسات زیبِ تن کرکےجس محفل میں بھی جائیں گی،ہر نگاہ سے داد ہی پائیں گی۔