چمن ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) طالبان کی جانب سے چمن سرحد کی دوسری جانب کے علاقے پر کنٹرول کے اگلے روز افغانستان کی جانب سے سیکڑوں افراد کی پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش ، بارڈر سکیورٹی گارڈز کی جانب سے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال، ایک سکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمعرات کی صبح لگ بھگ 400افراد نے سرحد پر نصب گیٹ کو زبردستی عبور کرنے کی کوشش کی، انہوں نے پتھراو کیا تو ہمیں آنسو گیس استعمال کرنا پڑی،چمن میں تعینات ایک سینئر سرکاری افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ اب صورت حال قابو میں ہے، دوسری جانب افغان طالبان کمانڈر اورپاکستانی سکیورٹی حکام کا باب دوستی پر پہلا رابطہ ہوا جس کے بعد باب دوستی کو2 روزہ بندش کے بعد پیدل آمدورفت کےلیےکھول دیاگیا،سکیورٹی حکام کے مطابق بارڈر پاکستان میں پھنسے افغان شہریوں اور افغانستان میں پھنسے پاکستانی شہریوں کیلئے کھولا گیا ہے ،لیویز حکام کے مطابق افغان طالبان کمانڈر اورپاکستانی سکیورٹی حکام کا چمن میں باب دوستی پر پہلا رابطہ ہوا ہے جس میں طالبان اور پاکستانی حکام کا باب دوستی سے متعلق اہم اجلاس ہوا ہے، لیویز حکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی کو 2روزہ بندش کے بعد پیدل آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے جسکے بعد دونوں جانب پھنسے پاکستانی اور افغان شہری آنے جانے لگے ہیںمحکام کے مطابق پاکستان میں پھنسے افغان شہری افغانستان جاسکتے ہیں۔