1۔ بنے ہوئے ہیں ایسے دو گھر
دیکھ سکیں نہ جن کو جاکر
ایک میں سب کو جانا ہوگا
پھر وہیں ٹھکانہ ہوگا
٭ ٭ ٭
2۔ ایک بڈھے کے سر پر آگ
گاتا ہے وہ ایسا راگ
اس کے منہ سے نکلیں ناگ
جو تیزی سے جائیں بھاگ
٭ ٭ ٭
3۔ جب آیا چپکے سے آیا
کبھی ہنسایا، کبھی رلایا
پڑے رہے ہم ایک جگہ پر
اس نے سب کچھ ہمیں دکھایا
٭ ٭ ٭
4۔ ایک ڈنڈے کے ساتھ ایک انڈا
انڈا بھاگے، کھا کے ڈنڈا
٭ ٭ ٭
5۔ جب بھی وہ میدان میں آئے
قدم قدم پہ ٹھوکر کھائے
اچھلے کودے دوڑے بھاگے
سب ہیں پیچھے، وہ ہے آگے
6۔ خالی کب ہوا ایک گھڑا
جب دیکھو ہے بھرا پڑا
٭ ٭ ٭
7۔ ایک ہے ایسا قصہ خواں
منہ میں اس کے نہیں زباں
اگر مروڑیں اس کے کان
کچھ نہ کچھ وہ کرے بیان
٭ ٭ ٭
8۔ اونچے ٹیلے پر وہ گائے
پیٹ سب اس کا بھرنے آئے
جتنا چاہو اسے کھلاؤ
وہ کہتی ہے اور بھی لاؤ
٭ ٭ ٭
9۔ لاتیں کھا کے بھاگی جائے
بھاگی جائے دوڑی آئے
چلتی ہے بس لاتیں کھا کر
ڈنڈوں سے کب چلنے پائے
٭ ٭ ٭
10 کبھی ہیں لال ، کبھی ہیں کالے
لاکھوں بار ہیں دیکھے بھالے
جوابات پہیلیاں:۔1۔ جنت، دوزخ 2۔ حقہ 3۔ خواب 4۔ گلی ڈنڈا 5۔ فٹ بال 6۔ کنواں 7۔ ریڈیو 8۔ آٹے کی چکی 9۔ سائیکل 10۔ کوئلے