احتساب عدالت لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نواز شریف سے متعلق چوہدری شوگر ملز کیس میں پیشرفت ہوئی ہے۔
نیب لاہور نے چوہدری شوگر ملز کی تفتیش بند کرنے کی منظوری کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا ہے۔ عدالت نے فریقین کونوٹس جاری کر کے کارروائی 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت کے جج رانا محمد عارف نے درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت نیب نے کہا کہ مریم نواز اور نواز شریف نیب تفتیش میں کرپشن میں ملوث نہیں پائے گئے۔
نیب نے مزید کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں نیب لاہور نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی۔
نیب کے مطابق ہائیکورٹ کے 4 فروری کےاحکامات کی روشنی میں تفتیش بند کرنے کی حتمی منظوری دی جائے۔