ملتان (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور وحج گدی نشین بصیرہ شریف پیر سید امین الحسنات نے کہا ہے کہ اسلام محبت، اخلاق اور رواداری کا نظام ہے، بزرگانِ دین کی صوفیانہ تعلیمات اور حسن خلق سے متاثر ہو کر ایک عالم مسلمان ہوااوربزرگان دین کی وجہ سے ہی ہم دین کی اصل روح سے روشناس ہوسکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی رہائش گا ہ پر ملاقات کے دوران کیا ،اس موقع پر رہنما مسلم لیگ ن امیراللہ شیخ ، ڈائریکٹر حج ملتان ریحان عباس کھوکھر‘ اللہ نواز درانی، بابو نفیس انصاری، مخدوم مبشر ہاشمی بھی موجود تھے ، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ بدقسمتی سے دین کا پیغام دینے والے مدرسوں اور مسلمانوں کو بعض لوگوں نے ٹکڑوں میں بانٹ دیا ان حالات میں خانقاہی نظام سے وابستہ شخصیات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ محبتوں کو فروغ دیں اور نفرتوں کا خاتمہ کریں۔ پاکستان میں جاری ابتری کی کیفیت کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے کہ رواداری کے جذبہ کے ساتھ ساتھ دوسرے کی بات کو سننے کا حوصلہ پیدا کرنا ہو گا، گفتگو کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور وحج امین الحسنات نے حضرت مخدوم عبدالرشید حقانیؒ کی دین اسلام کی خدمات پرروشنی ڈالی اور جاوید ہاشمی کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جاوید ہاشمی بلاشبہ ایک تاریخ کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں اور سیاست میں ان کے لئے اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں۔