پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں فاتحانہ آغاز کردیا، پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 31 رنز سے ہرا دیا۔ 233 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے انگلش ٹیم 201 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان ٹیم نے بڑا ہدف دینے کے بعد بالنگ میں بھی اچھا آغاز کیا، انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گرا دی، جس کے بعد دوسری اور تیسری وکٹ بھی قومی ٹیم نے جلد حاصل کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔
انگلینڈ کے لیام لیونگسٹن نے سب سے زیادہ 103 رنز بنائے جبکہ جیسن روئے 32 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ان دو بیٹسمینوں کے علاوہ انگلش ٹیم کے دیگر کھلاڑی کوئی خاص کھیل پیش نہ کرسکے اور پوری ٹیم 20 اوورز بھی مکمل نہ کھیل پائی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے تین،تین وکٹ حاصل کیں جبکہ عماد وسیم، محمد حسنین اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ لی۔
فاسٹ بالر شاہین آفریدی کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل انگلینڈ کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی جس پر گرین شرٹس نے اچھی بیٹنگ کی۔ اوپنر بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان 150 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔
محمد رضوان نے 41 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابراعظم نے سب سے زیادہ 85 رنز بنائے۔
یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 232 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سےٹام کرن نے 2، ثاقب محمود، ڈیوڈ ویلی اور گریگوری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔