میر پور (ایجنسیاں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں کامیاب ہو گئی تو عمران خان کی آواز لائن آف کنٹرول کے پار بھی گونجے گی‘25جولائی کو تحریک انصاف کامیاب ہوگی‘وزیراعظم عمران خان تسلسل کے ساتھ کشمیر کے لئے آواز اٹھا رہے ہیں کیونکہ ان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ، آزاد کشمیر کے لوگ باقی پارٹیوں کی سیاست اور منشور دیکھ چکے اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ عمران خان کے نظریئے اور نشان کو سرخرو کریں ۔ اتوار کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ وہ عمران خان ہے جو تسلسل کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ہو یا کوئی بھی عالمی فورم مسئلہ کشمیر کے لئے آواز بلند کر رہا ہے ، کیونکہ وزیراعظم عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور وہ آج میر پور آیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج آزاد کشمیر کے ماحول کو دیکھنا ہے تو پاکستانی میڈیا کے ساتھ ساتھ بھارتی چینلز کو دیکھ لیں جہاں واویلا ہے اوریہ نقطہ چینی ہو رہی ہے کہ آزادکشمیر میں تحریک انصاف کیوں ، انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا کو اندازہ ہے کہ اگر تحریک انصاف اور عمران خان آزادکشمیر میں کامیاب ہو گئے تو ان کی آواز لائن آف کنٹرول کے پاربھی گونجے گی ۔