• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کا افغان ہم منصب سے رابطہ، پاکستانی اقدامات سے آگاہ کیا


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب سے کہا ہے کہ پاکستان میں قائم افغان سفارتخانے اور قونصلیٹ کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے، توقع ہے افغان حکومت پاکستان کی سنجیدہ کاوشوں کو پیش نظر رکھے گی۔

شاہ محمود قریشی اور ان کے افغان ہم منصب کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر سے ٹیلیفونک رابطے میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں 16 جولائی 2021 کو ہونیوالے واقعہ پر اقدامات سے آگاہ کیااور یقین دلایا کہ ملزمان کی جلد گرفتار کیا جائے گا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائے جائیں گے، وزارتِ خارجہ مروجہ سفارتی روایات سے بخوبی آگاہ ہے۔

اس موقع پر افغان وزیرخارجہ نے واقعہ کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور افغان سفارتخانے اور قونصلیٹ کی سیکیورٹی بڑھانے پر شاہ محمود کی کاوشوں کو سراہا۔

شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب سے ہوئی اپنی ٹیلی فونک گفتگو کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ توقع ہے افغان حکومت اپنے سفیر اور سینئر سفارتکاروں کو واپس بلانے کے فیصلے پر نظرثانی کریگی۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے،دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔


تازہ ترین