• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ میں برہان وانی کا مقدمہ نواز شریف جیسے شیر نے لڑا، مریم نواز


سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ برہان وانی کا مقدمہ نواز شریف جیسے شیر نے اقوام متحدہ میں لڑا۔

حویلی آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ایل او سی پر مقبوضہ کشمیر کےشہید بیٹوں کے والدین کو سلام پیش کرتی ہوں، آپ کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ کی طرح آپ کو نریندر مودی کے حوالے نہیں کریں گے، نواز شریف اور یہاں آپ کے بھائی آپ کا مقدمہ لڑیں گے۔

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ نوازشریف نے یہ نہیں کہا کہ بھارت کشمیر اچک کر لےگیا تو میں کیا کروں، ن لیگی قائد جیسے شیر نے برہان وانی کا مقدمہ اقوام متحدہ میں لڑا۔

اُن کاکہنا تھا کہ کشمیر کا مقدمہ صرف نواز شریف لڑ سکتا ہے، یہ مقدمہ کمزور نہیں ہے، آج کل کشمیر کا جعلی وکیل عمران خان ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کا کشمیر کے ساتھ خون کا رشتہ ہے، ہم لےکر رہیں گے آزادی، ہم چھین کر رہیں گے آزادی، صرف آزادی ہی نہیں لیں گے بلکہ نواز شریف کی قیادت میں ہم سب مقبوضہ کشمیر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس دھرتی کا بیٹا ہے، نواز شریف کا کشمیر سے خون کا رشتہ ہے، ن لیگی قائد نے ایٹمی دھماکے کیے اور تم اسے غدار کہتے ہو، پاکستان میں جو جتنا بڑا محب وطن ہوتا ہے اسے اتنا بڑا ہی غدار کا لقب دیا جاتا ہے۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف کی محب وطن بیٹی ہزاروں میل کا سفر طے کرکے ایل او سی پر کھڑی ہے، یہ سیاسی اور عوامی مقابلہ نہیں کرسکتے، پٹاریاں کھل جاتی ہیں کہیں سے چور اور کہیں سے غدار کا لقب نکلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں 13 روزسے مہم چلا رہی ہوں، گھر نہیں گئی، یہ میرا گھر ہے، میں نے کسی پیسے والی مشین کے ساتھ جلسہ نہیں کیا، مبارک دیتی ہوں چوہدری محمد عزیز 25 جولائی کا الیکشن جیت گئے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے باغ میں سرکاری جلسہ کیا، تم آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بنا کر اس کا جھنڈا چھیننے آئے ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ باغ والوں نے میرا جو استقبال کیا وہ ساری زندگی نہیں بھلاسکتی، سرحدوں پر کھڑے محافظوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔

تازہ ترین