• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں پٹرول کی قلت نہیں ، عید میلوں اور پکنگ پوائنٹس پر پابندی ہو گی،ڈپٹی کمشنر

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پیٹرول کی قلت نہیں،کراچی سے پٹرول پہنچتے ہی معمولی قلت بھی ختم ہوجائیگی، عید پر پٹرول کی کوئی قلت نہیں ہوگی،شہر کے مختلف علاقوں میں آلائشیں ڈالنے کے لیے کنٹینرز کھڑے ، شہریوں کو خصوصی طور پر تیار کئے گئے شاپر بیگ دیئے جائیں گے ،عید کے دنوں میں پکنک پوائنٹس اور عید میلوں پر پابندی ہوگی شہری پوائنٹس اور عید میلوں پر جانے سے گریز کریں ۔ یہ با ت انہوں نے پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن نے کہا کہ کوئٹہ میں مجموعی طو پر کل 51 پیڑول پمپس ہیں جن میں پی ایس او کے 22 اور شیل کے آٹھ پمپس شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پٹرول کی دستیابی کی صورتحال تشویشناک نہیں ہے ،کراچی سے پی ایس او کے 27 لاکھ لیٹر پیٹرول کوئٹہ کیلئے روانہ کردی گئی ہے جو آج شام اور کل صبح تک پہنچ جائیگی ۔ پٹرول پہنچتے ہی جو شہر میں پیٹرول کی جو معمولی قلت ہے وہ بھی ختم ہوجائیگی اورعید پر پٹرول کی کوئی قلت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ لوگ اندازہ لگارہے ہیں کہ پیٹرول کی سپلائی کم ہورہی ہے مگر ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے ، عید پر بہت سارے لوگ کوئٹہ شہر سے باہر جاتے ہیں اس لیے وہ زیادہ پٹرول ڈلوا رہے ہیں پمپس پر رش بڑھ گیا ہے ،عوام سے اپیل ہے کہ وہ صرف ضرورت کا پٹرول حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ عید سے ایک دن پہلے آلائشیں ڈالنے کے لیے شہریوں کے گھر گھر جاکر انہیں خصوصی طور پر تیارکئے گئے کئے بڑے شاپنگ بیگز دیئے جائیں گے تاکہ وہ آلائشیں ان شاپنگ بیگزمیں ڈال کر کنٹینر تک پہنچائیں کوئٹہ شہر کی صفائی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں پکنک پوائنٹس اور عید میلوں پر پابندی عائد ہوگی شہری پکنک پوائنٹس اور عید میلوں پر جانے سے گریز کرکے گھروں پر رہ کر اپنے اور اہل خانہ کی صحت کی حفاظت کریں۔
تازہ ترین