وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے بچوں سے متعلق مریم نواز کے بیان پر سخت ردعمل دے دیا۔
یاد رہے کہ باغ آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کی تنقید کا جواب دیا تھا، مریم نواز کا عمران خان کی جنید صفدر پر کی جانے والی تنقید پر کہنا تھا کہ جنید صفدر کیمبرج میں پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے، وہ نواز شریف کا نواسا ہے، گولڈ اسمتھ کا نہیں۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنید صفدر آپ کے بچوں کی طرح کسی یہودی کی گود میں نہیں پل رہا۔
مریم نواز کے اس بیان پر جمائما نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’مریم نواز نے آج اعلان کیا کہ میرا بچے یہودیوں کی گود میں پل رہے ہیں ۔‘
انہوں نے لکھا کہ میں نے ایسے ہی بیانات کے باعث ایک دہائی گزارنے کے بعد 2004 میں پاکستان چھوڑ دیا تھا۔
جمائما نے پاکستان چھوڑنے کی وجہ ایسے ہی بیانات اور گھر پر حملوں کو قرار دیا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں نے 2004 میں میڈیا اور سیاستدانوں اور گھر کے باہر ہفتہ وار موت کی دھمکیوں اور احتجاج کے باعث پاکستان چھوڑ دیا تھا، لیکن پھر بھی یہ اب تک جاری ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ بھمبھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لوگ عوام کا پیسہ لوٹ کر باہر لے گئے اور اب یہ بادشاہوں کا کھیل پولو کھیل رہے ہیں ،ان کے نواسوں کے پاس اتنا پیسا کہاں سے آیا ؟
عمران خان کی اس تنقید کا مریم نواز نے اپنے خطاب میں جواب دیا تھا جس پر عمران خان کی سابقہ اہلیہ بھی چُپ نہ رہ سکیں۔