عید الاضحی کے سلسلے میں سپر ہائی وے پر روایتی طور پر لگائی جانے والی ایشیاکی جانوروں کی سب سے بڑی منڈی میں اس مرتبہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری اور لوٹ مار کے واقعات نے شہریوں کو خوف میں مبتلا رکھا ۔ مویشی منڈی کی انتظامیہ کی بدمعاشی اور خریداروں سے ہتک آمیز روئیے بھی عُروج پر نظر آئے ،یہاں ریاست میں ریاست قائم رہی۔ یہاں یہ امر بھی قابل مذمت تھا کہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانوروں کی خریداری کے لیے مویشی منڈی آنے والے شہریوں کو اسلحے سے لیس سادہ لباس اہل کاروں کی سرابرہی میں پرائیوٹ بدمعاشوں کے ذریعےجھگڑے اور زدوکوب کرانے، گاڑیوں کی پارکنگ کی مد کے علاوہ مختلف حربوں سے لاکھوں روپے وُصول کئے جانے کی اطلاعات بھی ملیں۔
جب کہ ایک طرف پرائیوٹ پارکنگ کی شرٹ پہنے اہل کار لوگوں کی گاڑیاں پارک کرواتے ، تھوڑی دیر بعد وہی پارکنگ پر موجود ٹولی کی شکل میں 10 سے 15غنڈے لفٹر منگواکر گاڑی اُٹھاکر لے جاتے اور چالان کی پرچی 2000 کی تھما دیتے تھے اور چالان نہ دینے پر چاہے آپ کے ساتھ خواتین اور بچے ہوں، یہ غنڈے مغلظات بکتے اور زدو کوب کرتے ہوئے اپنے آفس میں لے جاتے، وہاں موجود سادہ لباس اہل کاروں کے ذریعے لوگوں کو ہراساں ، ذلیل اور رسوا کیا جاتا رہا۔
جس نے ارباب اقتدار اور سیکیورٹی اداروں کے لیے کئی سوال کھڑے کر دیے ہیں ۔پارکنگ فیس کی ادائیگی کے اور پرچی حاصل کرنے کے باوجود گاڑی اور موٹر سائیکلوں کی چوری بھی عام تھی، جب متاثرہ شہری پارکنگ انتظامیہ سے پارکنگ کی پرچی دکھا کر گاڑی کی چوری کی واردات کے بارے پوچھتاتھا، توان کا ایک ہی جواب تھاکہ چوری کی ذمے داری ہماری نہیں ہے ،ہم پارکنگ کی فیس لیتے ہیں۔ آپ تھانے جائو۔
یہ عمل کسی المیے سے کم نہیں تھا، یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مویشی منڈی کی پارکنگ سے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری کی شکایت اور ویڈیو وائرل ہو نے پر اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل(اے وی ایل سی) پولیس نے نئی حکمت عملی اپنا کر منڈی کے اطراف میں اے وی ایل سی ٹیم کو تعینات کیا اور پارکنگ سے متعلق بینرز بھی آویزاں کیے ، اس سلسلے میں اے وی ایل سی، ایس ایس پی عارف اسلم راو کا کہنا تھا کہ شہری موٹر سائیکل کو محفوظ پارکنگ ایریا میں پارک کریں، ایسی جگہ گاڑی پارک نہ کریں جہاں نزدیک سیکورٹی گارڈ نہ ہو،کار اور موٹر سائیکل چوری کی صورت میں 15 پر اطلاع دیں، شہری فوری تھانہ پولیس اور ٹیم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
گزشتہ دونوں شاہ لطیف تھانے کے ایس ایچ او نیک محمد کوسو کی گاڑی چوری کے معاملہ پرڈی آئی جی، ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن نے تحقیقات کا حکم نامہ جاری کردیا ،ایس پی لانڈھی کو 7 روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم۔گاڑی کی ملکیت کس کی تھی ،گاڑی سابق ایس ایچ او نیک محمد کے قبضہ میں کیسے تھی، تصدیق کی جائے کہ گاڑی میں سرکاری یا پرائیویٹ ہتھیار تھا کہ نہیں ،سابق ایس ایچ او کے وائرلیس پیغام چلانے میں تضاد کی بھی تحقیقات کی جائیں، پورے معاملے میں ایس ایچ او کے کردار کا پتا چلایا جائے ،سات روز میں مکمل رپورٹ تیار کرکے پیش کی جائے۔ علاوہ ازیں پولیس نے کورنگی کے ایریا میں واقع سرکاری بینک میں ڈکیتی کے دوران مقابلے کے دوران ایک ڈاکوکو ہلاک کردیا جبکہ ایک زخمی سمیت 3ڈاکوفرار ہو گئے ، پولیس نے ملزمان کی موٹر سائیکلیں اور اسلحہ تحویل میں لے لیا ۔
ہلاک ملزم کی شنا خت محمد شاہد ولد محمد اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ دنوں سرجانی ٹاون پولیس نے ایک گھر میں گھس کر پولیس پر فائرنگ کرنے والے والے ایک ملزم گھیرا ڈال کر ہلاک کرنے والے ایس ایچ او اسدالنبی سمیت پولیس پارٹی کے ایکشن کو سراہتے ہوئے پولیس کے حق میں نعرے لگائے ،اگر پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے ایسے مثبت اقدامات کرئے تو تو وہ ،وقت دور نہیں کہ پولیس عوام کے کھوئے ہوئے اعتماد کو بحال کرنے کام یاب ہو جائے گی ۔
شہر میں اسٹریٹ کرائمز کا جن تاحال بے قابو ہے ، ڈکیتی کے دوران بے رحم ڈاکووں کی جانب سے قیمتی جا نیںلے لینا کھیل بن گیا ہے ۔گزشتہ دنوں منگھوپیر پختون آباد خان جی اسپتال کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 7سالہ بچہ سلمان ولد ابراہیم جاں بحق ہو گیا ۔ ڈاکوئوں کے ہاتھوں لٹنے والے شہریوں نے اپنی حفاظت کے لئے اسلحہ اٹھالیااوردو مختلف علاقوں میں شہریوں نے فائرنگ کر کے ایک ڈاکو کو مار دیا اور دو زخمی کردیا۔ہوگیا ۔
سرسید ٹائون کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے نزد عثمان پبلک اسکول کے قریب2 ڈاکوں نے کار سوار کو روک کر لوٹ مار کی، شہری نے بغیر کسی مزاحمت سب کچھ ڈاکووں کے حوالے کردیاجب ملزمان فرار ہونے لگے تو متاثرہ شہری نے پیچھے سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو ڈاکو شدید زخمی ہوگئے۔ شاہ لطیف ٹاون تھانے کی حدود جوگی موڑکے قریب ایزی لوڈ کی دکان پر ،مسلح ملزمان نے دکاندار گل نوازاعوان سے 4 موبائل فونزاورڈیڑھ لاکھ روپے چھین لینے کے بعد مزاحمت پرفائرنگ کرکے زخمی کردیا اورموقع سے فرارہوگئے ۔
سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود سپر ہائی وے فقیرا گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 15سالہ شاہد ولد سلامت زخمی ہوگیا،کلری کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 35سالہ سعید بلوچ ولد خان محمد زخمی ہوگیا۔ سرجانی ٹاون تھانے کی حدود لیاری ٹیسر ٹاون سیکٹر پچاس میں مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 17سالہ نعمان ولد رستم ، سچل کے علاقے صفورا گوٹھ میں لوٹ مار کے دوران مز احمت پر 26سالہ امتیاز حسین زخمی ہوگیا۔ ٹیپو سلطان کے علاقے بلوچ کالونی پل پر نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار میں مزاحمت پر فائرنگ کرکے 25حارث خان کو زخمی کردیا۔
جوہر آباد تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک16 م40 سالہ عرفان مہدی ولد مہدی حسن کو زخمی کردیا ، ناظم آباد پاپوش نگر سیکٹر فائیو ای مکی مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکووں نے 36 سالہ فیضان اسلم ، عوامی کالونی تھانے حدود کورنگی سنگر چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان نے 60سالہ علیم ولد زمان کو زخمی کردیا ۔
شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کے لئے رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں،پاکستان رینجرز (سندھ) اور پو لیس نے انٹیلی جنس معلو مات کی بنیاد پر کراچی کے علا قے سائیٹ میٹروول میں انتہائی مطلوب ڈکیت گروپ خیالو کے 2 ملزمان خلیل احمد افغانی عرف خیالو اور حیات اللہ افغانی عرف فریادی کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمدکی گئی ہے۔
کراچی پولیس اور حساس اداروںنےائیرپورٹ کے علاقے بھٹائی آباد میں کارروائی کرکے رمیش کمار کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم جئے سندھ متحدہ محاذ(جسمم) سے ہے۔گرفتار ملزم دھماکہ خیز ڈیوائس اور بم بنانے کا ماہر ہے۔ملزم نے دوران انٹیروگیشن تمام دہشتگردانہ کارروائیوں کے احکامات بیرون ملک پناہ گزیں کالعدم تنظیم کے لیڈر شفیع برفت کی جانب سے ملنے کا انکشاف کیا۔