• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی صورتحال سنگین، اموات بڑھنے لگیں

کورونا کی صورتحال سنگین، اموات بڑھنے لگیں


کراچی، اسلام آباد (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی)ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال سنگین ہوگئی ، اموات اور کیسز میں اضافہ ،24گھنٹوں میں مزید 37افراد کورونا سے جاں بحق ، 2145نئے کیسز سامنے آگئے ، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 23.12فیصد ہوگئی۔

ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 5.25فیصد جبکہ کراچی میں 23.12فیصد ہوگئی ، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں عیدالاضحیٰ کی تعطیل سے قبل کووڈ-19کی صورتحال انتہائی خطرناک اور تشویشناک ہوگئی ہے۔

کراچی میں پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ شہر میں مثبت کیسز کی شرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں بڑھ کر 23.12 فیصد ہوگئی ہے جبکہ 10 دن قبل یہ شرح 8.5 سے 9 فیصد تھی، حکومت کی جانب سے پابندیوں میں نرمی کے بعد کووڈ-19 کے ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ جب تک آبادی کا بڑا حصہ کورونا ویکسین نہیں لگواتا، پابندیاں لازمی ہیں۔اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل پہلی دفعہ پاکستان میں ایک دن میں 6 لاکھ سے زیادہ ویکسینیشن کی گئی۔ 

ویکسینیشن کی بڑھتی ہوئی تعداد حوصلہ افزا ہے لیکن اس میں اور تیزی لانی کی ضرورت ہے تاکہ تمام سماجی اور معاشی پابندیاں ختم کی جا سکیں. جب تک آبادی کا بڑا حصہ ویکسین نہیں لگواتا، پابندیاں ناگزیر ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت منگل کو این سی اوسی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عید الا ضحی سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد اور کراچی اور گلگت بلتستان میں وبا کے پھیلا کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے کورونا کے پھیلا کے پیش نظر کئے جانے والے اضافی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اس کے علاوہ اجلاس میں گلگت بلتستان میں کورونا کے پھیلا کو مدنظر رکھتے ہوئے 500 آکسیجن سلنڈرز اور 30 وینٹیلیٹرز کا بھی اضافہ کیا گیا۔ 

اجلاس میں فورم کو ویکسینیشن کی استعداد بڑھانے پر بھی بریفنگ دی گئی۔فورم کو مزید بتایا گا کہ اس وقت ملک میں روزانہ ساڑھے پانچ لاکھ ویکسینز لگائی جا رہی ہیں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں صرف عید الاضحی کے دن ویکسین سینٹرز بند رہیں گے۔ 

تازہ ترین