• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابل ایئرپورٹ سنبھالنے کیلئے اردوان نے امریکا سے وسائل مانگ لئے

انقرہ (اے ایف پی /جنگ نیوز )ترک صدر رجب طیب اردوان نے طالبان کی طرف سے انکار کے بعد بھی اس بارے میں طالبان سے مذاکرات کرنے کا عندیہ دیا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد ترکی کابل کے ہوائی اڈے کا چارج سنبھال لے گا۔دوسری جانب کابل ائیر پورٹ سنبھالنے کیلئے اردوان نے امریکا سے وسائل مانگ لیے ،ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اگر ہمارا نیٹو اتحادی امریکا کچھ شرائط پوری کرے تو ترکی کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھال سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’لیکن امریکا کو کچھ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ پہلی شرط یہ ہے کہ امریکا سفارتی تعلقات میں ہمارا ساتھ دے۔ دوسرے وہ اپنے لاجسٹک وسائل کو ہماری جانب پھیر دے اور یہ کہ کابل ایئرپورٹ کو چلانے میں سنجیدہ نوعیت کی مالی اور انتظامی پیچید گیاں ہو سکتی ہیں، امریکا کو چاہیے کہ اس سلسلے میں ہماری ضروری معاونت کرے۔ترکی نے اپنے سینکڑوں فوجی افغانستان میں تعینات کر رکھے ہیں تاہم ایک ترک سرکاری اہلکار نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ افغانستان میں موجود ترک فوجی ʼجنگی فوج کا حصہ نہیں ہیں۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وہ طالبان گروہ کے ساتھ اس بارے میں مذاکرات کا منصوبہ بنا رہے ہیں کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد کابل ایئر پورٹ کو فعال رکھنے کی تمام تر ذمہ داری ترکی سنبھال لے۔اگرچہ طالبان کی طرف سے انقرہ کی اس پیشکش کو پہلے ہی رد کیا جاچکا ہے، تب بھی ترک صدر نے اپنی نیک خواہشات‘ کا اظہار کرتے ہوئے ارادہ ظاہر کیا ہے کہ وہ اس بارے میں طالبان سے مذاکرات کریں گے۔

تازہ ترین