• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جام حکومت نے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا‘ سینیٹر ثمینہ ممتاز

کوئٹہ (پ ر)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ صوبائی بجٹ کی منظوری اور اس پر تیزی سے عملدرآمداتحادیوں اور عوام کی جانب سے حکومت پر بھرپور اعتماد کااظہار ہے۔ بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف دیا گیا صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے بہترین مواقع مہیا کئے گئے،یہی وجہ ہے کہ عوام کا اعتماد روز بروز بلوچستان عوامی پارٹی پر بڑھ رہا ہے جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے سر جاتا ہے جنہوں نے پارٹی کو صوبہ بھر میں فعال کیا اور بلوچستان کے کونے کونے میں ترقیاتی کام کئے۔ وزیراعلیٰ جام کمال خان کے ترقی و خوشحالی کے وژن کو نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر میں پذیرائی مل رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ سابقہ ادوار میں منصوبے صرف کاغذوں اور اخباری بیانا ت تک محدود تھے جبکہ آج جام حکومت نے صوبے کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ،جس کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو گئے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔بلوچستان میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور ْصوبے میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ۔اس کے علاوہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں تعلیم اور صحت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ،صوبے میں سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کوروزگار مواقع مہیا کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔وزیراعلیٰ جام کمال خان کی سربراہی میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے سیکیورٹی فورسز کی بیش بہا قربانیوں کے باعث صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ بلوچستان میں وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کی بدولت کورونا وبا کے باوجود معیشت بہتر ہوئی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ جام کمال خان کی مثبت سوچ اورانتھک محنت کی بدولت صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں ۔
تازہ ترین