ملتان (سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ظفر اقبال اعوان نے عید الاضحی ٰکے سلسلے میں گزشتہ روز اپنے آفس میں پولیس جوانوں کے اعزاز میں عید ملن تقریب کا اہتمام کیا۔اس موقع پر انہوں نے پولیس جوانوں اور اہلکاروں کو عید کی مبارک باد دی اور انکے ہمراہ کھانا بھی کھایا۔یہاں اسسٹنٹ آئی جی ڈسپلن عمران شوکت،اسسٹنٹ آئی جی آپریشنز صادق بلوچ بھی ہمراہ تھے۔ظفراقبال نے کہا کہ پولیس عید سمیت ہر تہوار پر اپنی خوشیاں قربان کرکے عوام کی حفاظت کیلئے چوکس رہتی ہے ان پولیس جوانوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہمارا فرض ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس عید الاضحیٰ کی طرز پر محرام الحرام کے موقع پر بھی امن و امان کی فضا برقرار رکھے۔ دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی پولیس نےعید قربان پر پولیس جوانوں کی خوشیاں دوبالاکرنے کے لئے250معطل اہلکاروں کو بحال کردیا۔تفصیل کے مطابق ظفر اقبال اعوان نے عید قربان پر معطل250پولیس اہلکاروں کو بحال کردیا،اس موقع پر ظفر اقبال نے کہا کہ بحال ہونے والے اہلکاروں کو محنت و جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دینے کی ہدایت دی، عید کے موقع پر اپنے گھروں سے دور پولیس جوانوں اور افسران محکمے کا فخر ہیں۔