وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کو فوج اور رینجرز کی سیکیورٹی دینے کی پیشکش کر دی، ساتھ ہی انہوں نے آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی کا دعویٰ بھی کر دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ مریم نواز صاحبہ کو مفت مشورہ دے رہا ہوں، نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی زبان ان کی سیاست کو تباہ کر دے گی۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ’را‘ کے ایجنٹ مل رہے ہیں، یہ سوشل میڈیا کہہ رہا ہے، مریم نواز سیاست کر رہی ہیں اور شہباز شریف بس تعزیتی بیان دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آج بھی لندن سے غیر ذمے دارانہ گفتگو کی، میرا بس چلے تو ملک میں چوروں کیلئے چین کا قانون لے آؤں، اگر سیاستدان انڈر 19 کی زبان استعمال کریں گے تو تباہ ہوں گے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف صبح اعلان کریں شام کو انہیں لینے کے لیے چارٹرڈ طیارہ بھیج دوں گا، آپ اچھی حالت میں واپس آ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی، پی پی کو بھی کشمیر میں نون لیگ سے ایک آدھ سیٹ زیادہ مل جائے گی۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ کل شام لال حویلی سے تحریکِ انصاف کی فتح کا اعلان کروں گا، پھر قوم ان کا رونا پیٹنا سنے گی، نئے نئے کپڑے آپ پہنیں، غریب کے کپڑے تو آپ لے گئے ہو، آپ کو جب شکست ہوگی تو آپ واویلا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف جس تکلیف میں ہیں وہ انہوں نے خود منتخب کی، نواز شریف اور اس کے خاندان نے قوم کو سزا دی ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ آپ مودی کے ساتھ پگڑیاں بدلتے ہیں، آپ کہاں کے کشمیری ہیں؟ کشمیری آزادی سے کم پیچھے نہیں ہٹے گا، کشمیری ڈوگرا راج سے لڑ رہے ہیں، ہر روز نوجوان شہید ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں اجاگر کر رہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ساتھ ہے، چین سے پاکستان کی دوستی لازوال ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ افغان سرحد پر 96 فیصد باڑ لگا دی، اس سال 100 فیصد ہو جائے گی، داسو اور بھاشا ڈیم ملک کی معیشت کی تقدیر بدل دیں گے، داسو ڈیم پر جلد کام شروع ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر جنت نظیر میں جو زبان استعمال کی گئی اس سے کشمیریوں کے دل دکھے، کشمیر پر سب کو یک زبان ہونا چاہیئے تھا، پوری قوم کو کشمیر کی آزادی کے لیے ایک ہونا چاہیئے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اصل کام وزیرِاعظم عمران خان نے کیا ہے، انہوں نے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے حامی ہیں، مولانا فضل الرحمٰن کی بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی کارکردگی مایوس کن رہی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف بیچارے لا پتہ ہیں، بھائی سے ڈرے ہوئے ہیں، شہباز شریف کا ٹرائل ہو تو تمام شہادتیں ان کے خلاف ہیں۔