لاہور،نارووال (خصوصی نمائندہ،نمائندہ جنگ ) مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے وزیر اعظم کا کشمیرپر ریفرنڈم کرانے کابیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔
تنازعہ جموں وکشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی موقف پوری قوم مسترد کرتی ہے کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا پاکستانی موقف سے غداری ہے۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہوگئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آچکے ہیں ،تنازعہ جموں وکشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میںشفاف، آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہوگا۔