لاہور (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نواز شریف کو وطن واپسی کی صورت میں فوج اور رینجرز کی سکیورٹی دینے کی پیشکش کردی۔ شیخ رشیدنے کہاہے کہ نواز شریف صبح اعلان کریں شام کو وطن واپس لانے کے لیے طیارہ بھیج دوں گا،مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہی کررہی ہے ، باپ بیٹی زبان کی وجہ سے مار کھائیں گے ، آزاد کشمیر میں اگلی حکومت تحریک انصاف ہی بنائے گی ۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے فوج کو احکامات جاری کردیے ہیں کہ کشمیر کے انتخابات میں فوج بھی موجود ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ʼمجھے شک ہے کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن)سے زیادہ نشتیں حاصل کرلے گی، مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کر رہی ہے انہیں مفت مشورہ دے رہا ہوں، ان لوگوں نے پہلے ہی ہار کو تسلیم نہ کرنے کی قسم کھائی ہوئی ہے تاہم کشمیریوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے کیا کرنا ہے۔ کشمیر میں جو زبانیں استعمال کی گئیں اس سے کشمیریوں کا دل دکھا ہے۔