• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیسا چلا، احسن اقبال، دھاندلی کے باوجود 11 نشستیں لیں، بلاول بھٹو

پیسا چلا، احسن اقبال، دھاندلی کے باوجود 11 نشستیں لیں، بلاول بھٹو


کراچی /لاہور(ٹی وی رپورٹ/ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن ) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وفاقی حکومت کا پیسہ پھینکا گیا اور امیدواروں کو توڑا گیا۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوکا کہنا ہے کہ ان کی جماعت نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے باوجود 11سیٹیں حاصل کیں ‘مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 25جولائی 2021کا آزاد کشمیر کا الیکشن درحقیقت 2018 کے عام انتخابات کا ری پلے تھا۔پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کہتے ہیں کہ آزادکشمیرمیں پی ٹی آئی کی کھوکھلی حیثیت کا بہت جلد بھانڈا پھوٹ جائے گا۔ ادھربلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے آزاد کشمیر انتخابات میں تشدد اور دھاندلی کا سہارا لیا مگر اس کے باوجود پیپلزپارٹی نے 11نشستیں جیت لیں ۔گزشتہ روز اپنے بیان میں بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی میں ناکام رہا ۔ پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نےجیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ میں‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک تمام انتخابات کے نتائج ن لیگ کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کی صداقت پر مہر لگارہے ہیں، الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر امور کشمیر کو کشمیر بدر کیا لیکن وہ وزیراعظم کی چھتری میں جلسے میں شریک ہوا، اس سے پتہ چل جاتا ہے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کتنا خودمختار تھا، وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر میں چیف سیکرٹری اور آئی جی کے ذریعہ مداخلت کی،آزاد کشمیر میں وفاقی حکومت کا پیسہ پھینکا گیا اور امیدواروں کو توڑا گیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں چیف الیکشن کمشنر نے مجھے کہا میرا حکم تو چیف سیکرٹری بھی نہیں مانتا، حکومت نے ان کی خاموشی پر انعام دیتے ہوئے توسیع کے ساتھ مراعات بھی بڑھائی ہیں، انتخابی سروے voting intentionپر کیے جاتے ہیں آزاد کشمیر میں سروے voting perception پر کیا گیا، یہ کیسا الیکشن ہے کہ پانچ لاکھ ووٹ لینے والی جماعت کو 6نشستیں ملیں جبکہ ساڑھے تین لاکھ ووٹ لینے والی جماعت کو 11نشستیں مل گئیں، ہر پاکستانی کو ووٹ کی پاسداری اور عزت پر پہرہ دینا پڑے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے دھاندلی کر کے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں دھاندلی زدہ الیکشن کروانے کا جواز فراہم کردیا ہے، پارٹی صدر شہباز شریف نے بھی آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج مسترد کردیئے ہیں، کل ن لیگ کی قیادت آزاد کشمیر جاکر وہاں کی پارٹی قیادت سے مل کر قوم کے سامنے حقائق اور اگلا لائحہ عمل پیش کرے گی، ہم اپنی زندگی کی اننگ کھیل چکے ہیں ،اپنے بچوں کو ایسا پاکستان نہیں دینا چاہتے جہاں ان کے ووٹ کی عزت نہ ہو، ن لیگ کا ہر کارکن اس جنگ کیلئے اپنے قائد کے ساتھ مل کر ہر حد تک جائے گا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارا بیانیہ اداروں کیخلاف نہیں آئین کی پاسداری کیلئے ہے، آئین پر عمل کرنے والے کے ساتھ مفاہمت اور روگردانی کروانے کیخلاف مزاحمت ہے، آئین کی حرمت اور ووٹ کی عزت کیلئے ہر طرح کی جدوجہد کیلئے کمربستہ ہیں۔ دریں اثناءمسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عام آدمی کا رزلٹ آنے تک ن لیگ آگے تھی۔ رزلٹ رکنے کے بعد ووٹ چور آگے آگئے۔انہوں نے فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ 25جولائی 2021کا آزاد کشمیر کا الیکشن درحقیقت 2018 کے عام انتخابات کا ری پلے تھا۔عمران صاحب کا ووٹ پر نہیں ووٹ چوری، آر ٹی ایس، اے ٹی ایمز اور مافیاز پر غیرمتزلزل اعتماد ہے۔جن کی اپنی کرسیاں ووٹ چوری کی مرہون منت ہوں، انہیں استعفیٰ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔جن کی حکومت لوٹوں کی بے ساکھیوں کے سہارے چل رہی ہو وہ اپنے گریبان میں جھانکیں ۔جن کا استعفیٰ آنے والا ہے، وہ استعفیٰ مانگ رہے ہیں؟

تازہ ترین