لوٹن (شہزاد علی) کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کوار ڈی نیٹر اور تحریک انصاف پاکستان کے ممبر حاجی چوہدری محمد قربان نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج پر کہا کہ ان انتخابات میں پی ٹی آئی کشمیر کی کامیابی دراصل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کی ترجمانی کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ 50سال کے عرصے میں پہلی بار کسی پاکستانی جماعت کے باقاعدہ رکن بنے کیوں کہ انہوں نے عمران خان کو پاکستان کے غریب عوام اور کشمیری مظلوم باشندوں کے لیے مخلص پایا جب کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے والد مرحوم چوہدری نور حسین کے ساتھ ان کی خاندانی رفاقت رہی ہے۔ میرے والد مرحوم چوہدری سائیں محمد اشرف اور مرحوم چوہدری نور حسین کی عوامی جدوجہد اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی برطانیہ میں کشمیر کاز کو پھیلانے میں کاوشیں ممد و معاون رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کی آزاد کشمیر میں شاندر کامیابی پر عمران خان، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی بننے والی حکومت بہتر تبدیلی لائے گی اور کشمیر کے مسئلے کو اولیت دے گی_ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ توقع ہے کہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا تاج پارٹی صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے سر رکھیں گے۔ ماضی میں بھی بطور وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تعمیر و ترقی کے ریکارڈ کام کرائے ،ان پر سیاسی مخالفین بھی کرپشن کا الزام تک نہیں لگا سکے، امید ہے کہ اب آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔