• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، ایران میں ریکارڈ کیسز، دنیا میں ہلاکتیں 41 لاکھ 63 ہزار سے متجاوز، فرانس ویکسین پاسپورٹ لائے گا

تہران ،بیجنگ، جنیوا(اے ایف پی، خبرایجنسیاں، جنگ نیوز)کورونا، ایران میں ریکارڈ کیسز،دنیا میں ہلاکتیں 41لاکھ 63ہزارسے متجاوز، فرانس کا ویکسین پاسپورٹ لانے کا اعلان،چین میں بھی نئےکیسز ، ویتنام کےمعاشی حب میں سخت ترین کرفیو ،یونان نے جمعے سے 12سال تک کے بچوں کی ویکسینیشن کا فیصلہ کیاہے،برطانیہ میں پابندیاں ختم ہونے کے باوجود کورونا کیسز میں 21فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔غیرملکی خبررساںادارے کےمطابق ایران میں پہلی بار کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد ریکارڈ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دنیا بھرمیںوائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 19کروڑ 41لاکھ 23ہزار 828ہوگئی اورکورونا سے دنیا بھر میں ابتک41لاکھ 63ہزارسے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں،سب سے زیادہ اموات امریکا میں 6 لاکھ10ہزار891، برازیل میں 5 لاکھ 50ہزار اور بھارت میں4 لاکھ 21ہزار ریکارڈ کی گئیں۔ ایرانی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 31ہزار 814نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے باعث مثبت کیسز کی مجموعی تعداد 37 لاکھ 23 ہزار 246 ہو گئی ہے جبکہ کورونا وائرس سے مزید 322 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 89 ہزار 122تک پہنچ گئی ہے۔ ادھر چین میں بھی کورونا کے 76نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی جس میں سے 40 کیسز مقامی سطح پرمنتقل ہوئے۔ویتنام میں کورونا کیسز بڑھنے کےبعد معاشی حب ’’ہوشی منھ‘‘ کے تقریباً1 کروڑ افراد کو سخت ترین رات کے کرفیو کا سامنا کرنا پڑیگا۔ فرانس کی پارلیمنٹ نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ویکسین پاسپورٹ کو روزمرہ زندگی کا ایک اہم حصہ بنانے کے حق میں ووٹ دیدیا۔بحر ہند جزیرے ماریشس میں گذشتہ ہفتے کے دوران کوروناکے انفیکشن میں ڈرامائی اضافہ دیکھنے میں آیاہے ، لیکن تقریبا ً تمام متاثرین میں کورونا کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔ یونان اگست سے 12-15 سال کی عمر کے نوجوانوںکو کورونا ویکسین لگانا شروع کریگا،وزیر صحت واسیلس کیکیلیاس کاکہناہےکہ اس گروپ کے لئے ویکسی نیشن منظور کرلی گئی ہے اور یہ اختیاری ہوگی،توقع ہے کہ یہ پروگرام جمعہ سے شروع ہوگا۔ادھر ورلڈ بینک کی مالی اعانت کا نیا طریقہ کار ترقی پذیر ممالک کو ’’کووکس‘‘ کے ذریعے کورونا ویکسین خریدنے میں معاونت فراہم کریگا۔ادھر برطانیہ میں کورونا پابندیاں ختم ہونےکے باوجود یومیہ کورونا کے کیسزمیں کمی دیکھنے میں آئی۔

تازہ ترین