پشاور(نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ میں تعیناتی کیلئے چار سینئر ججز کو نظرانداز کرکے جونیئر جج کی تقرری دوبارہ زیرغورلانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کو خط ارسال کردیا جبکہ پاکستان بارکونسل نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے آج ہونے والے اجلاس کے موقع پر ملک بھر کی عدالتوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر عبدالطیف آفریدی، پشاور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن صدر بہلول خٹک اور دیگربارایسوسی ایشنزکے صدور کیجانب سے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو بھیجے گئے تحریری خط میں اس بات پر تحفظات کا اظہار کیاگیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سمیت چار ججز کو نظرانداز کرکے جسٹس محمد علی مظہر کانام دوبارہ سپریم کورٹ کیلئے زیرغورلایاجارہا ہے حالانکہ نہ سپریم کورٹ نہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو سندھ ہائیکورٹ کے سینئر ججز کی اہلیت سے متعلق کوئی فائنڈنگ موجود ہے لہذا انہوں نے کرائٹیریا کے مطابق سپریم کورٹ کیلئے ججز کی تقرری کا مطالبہ کیا۔