• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیوٹا کا ڈائمنڈ جوبلی تقریبات اگلے سال منانے کا اعلان

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا) نے 60سالہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات اگلے سال منانے کا اعلان کر دیا جس کے لئے جلد تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کی جائے گی۔ یہ فیصلہ پیوٹا کے ایگزیکٹو اجلاس میں کیا گیا۔ تقریبات نومبر 2022میں منعقد کی جائیں گی جن کیلئے اساتذہ اور دیگر متعلقین کیساتھ مشاورت کر کے مشترکہ فیڈ بیک اور تجاویز لے کر اگلے سال تک پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی کانفرنس میں ریٹائر اور حاضر سروس اساتذہ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا تاکہ پیوٹا کی آنے والی نئی کابینہ آغاز سے تقریبات کو عملی جامہ پہنا سکے ۔ پیوٹاکا قیام 1962میں عمل میں لایا گیاتھا جس کے پہلے صدر انگلش کے نامی گرامی پروفیسر مظہر علی خان تھے۔ پیوٹا کی تاریخ میں موجودہ صدر پروفیسر فضل ناصر اورسابق صدر پروفیسر محمد ارباب خان آفریدی کو پانچ پانچ بار صدر منتخب ہونے کا اعزا ز حاصل ہے جبکہ پروفیسر ناصر علی خان اور ڈاکٹر جمیل چترالی چار چار بار ، پروفیسر شفیق الرحمن ، پروفیسر محمد کمال اور پروفیسر اقبال تاجک تین تین بار ، ڈاکٹر مجاہد اکبر ، ڈاکٹر حمایت حسین نقوی ، پروفیسر امیر نواز ، پروفیسر جوہر علی ، پروفیسر کرم الٰہی کو دو دو بار صدرات کا اعزاز ملا۔ ایک بار صدارت کا عہدہ حاصل کرنے میں21 پروفیسروں کو کامیابی ملی جن میں موجودہ چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر قبلہ ایاز ، پروفیسر ناصر جمال ، مرحوم پروفیسر غلام تقی بنگش ، مولانا عبدالقادر ، ڈاکٹر عمر حیات ملک اور دیگر شامل ہیں جبکہ کرسی صدارت ایک بار خاتون صدر محترمہ وحیدہ غفور کے حصے میں بھی آئی ۔
تازہ ترین