• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، 2 ماہ بعد 4 ہزار سے زائد کیسز، کراچی میں شرح 30 ریکارڈ، پی ایم اے کی مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز

کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر،جنگ نیوز، خبرایجنسی)کورونا کے2ماہ بعد 4ہزار سے زائد کیسز رپورٹ،کراچی میں شرح30ریکارڈ، پی ایم اے نے15 روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دیدی،ملک میں مثبت شرح بڑھ کر7.8 ہوگئی، سندھ میں مزید 43 مریضوں کا انتقال ، 1181 کی حالت تشویشناک ، 93 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قیصر سجاد نےجیونیوز سے گفتگو میں کہاکہ حکومتی اعدادوشمار کے مطابق کوروناکیسزکی شرح 30ہے لیکن کورونا ٹیسٹ نہ کرانے والوں کو شامل کریں تو شرح 40بنتی ہے۔

کوروناشرح میں اضافہ ہوتا ہے تو لاک ڈاؤن کے سوا کوئی چارہ نہیں اور کوروناکیس بڑھنے پرکراچی میں 15دن کا لاک ڈاؤن لگادیا جائے،اسپتالوں میں جگہ بھر گئی ہے، اب گنجائش نہیں ، تمام لوگ ایس او پیز پر عمل کریں، حکومت کو سخت اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ لوگوں کی جانوں کی حفاظت ہو سکے ۔

ادھر پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 44 افراد انتقال کر گئے اور2ماہ بعد کورونا کے 4ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے،گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 52ہزار 291ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4119 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، پاکستان میں آخری بار 21مئی کو کورونا کے 4ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور اس روز ملک میں کورونا سے 88 اموات بھی ہوئی تھیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.8 رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 131 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 15 ہزار 827 تک جاپہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7020 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 35 ہزار 742 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 56952 ہے۔

تازہ ترین