راولپنڈی (خبر نگار خصوصی ) راولپنڈی ضلع کو سیاحتی شہر بنانے کے حوالے سے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام گزشتہ روز آر ڈی اے کانفرنس روم ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں وائس چیئرمین آر ڈی اے ہارون کمال ہاشمی، ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای آر ڈی اے جمشید آفتاب، کنسلٹنٹ میک ڈونلڈ خرم سعید، سی ای او اربن یونٹ لاہور محمد عمر اور دیگر ممبران بھی شریک تھے۔اجلاس کی صدارت چیئرمین آر ڈی اے طارق محمود مرتضیٰ نے کی۔ اجلاس میں ضلع راولپنڈی کی تین تحصیلوں مری، کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں کو ملا کر ٹورازم ڈسٹرکٹ بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ چیئرمین آر ڈی اے نے کہا کہ چوک پنڈوری کہوٹہ سے لے مری لوئر ٹوپہ تک کے 123 کلو میٹر روڈ پرسیاحت کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دریں اثناء راولپنڈی ڈولپمنٹ اتھارٹی ،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور محکمہ جنگلات کی جانب سے ’’ کلین اینڈ گرین ‘‘ پاکستان پراجیکٹ کے مطابق 3 میاواکی جنگل اور ایک نیا نیشنل پارک بنانے کے پراجیکٹس تیار کیے جا چکے ہیں ر ان پر کام بھی شروع کیا جا چکا ہے۔یہ پارک کہوٹہ اور کرسیداں کے گھنے جنگلوں میں بنایا جائے گا۔چیئر مین راولپنڈی ڈولپمنٹ اتھارٹی نے اپنے بیان میںکہا ہے کہ آر ڈی اے نے ریالٹو چوک نالہ لئی کے کنارے میاواکی جنگل کی تنصیب کا پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد مزید ایک اور میاواکی جنگل بنانے کا پراجیکٹ شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریالٹو چوک نالہ لئی کے کنارے لگائے جانے والے میاواکی جنگل میں پودے اب5 سے8 فٹ تک بڑھ چکے ہیںاور اس کامیابی نے ہمارے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں تاہم اب ایک اور میاواکی جنگل بنانے کا پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں راول روڈ، ڈبل روڈ،سید پور روڈ،شمس آباداور مری روڈ کے کناروں پربھی اربن پلانٹیشن پراجیکٹ کے تحت2 لاکھ پودے لگانے پر بھی شجر کاری شروع کر دی گئی ہے جو کہ 15 ستمبرتک جاری رہے گی۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے چیئر مین آصف محمود نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ راولپنڈی کےتمام چھوٹے بڑے 55 تفریحی پارکس میں ریکارڈ تعداد میں پھول دار، پھل دار اور سایہ دار پودے لگانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ہر پارک میں 2ہزار پودے لگائے جائیں گے۔