• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر الیکشن، ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا چپ نہیں بیٹھیں گے، ن لیگ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ( ن) نے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے آزادکشمیر ، پاکستان بھر میں اور بیرون ملک بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ دھاندلی شواہدسامنے لانے کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کابھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی طورپر آزادکشمیر انتخابات میں مداخلت کی جس کے خلاف ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کا ارادہ کیا گیا اور کہا گیا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، چپ نہیں بیٹھیں گے۔ 

اس بات کا فیصلہ جمعرات کو کشمیر ہاؤس میں ن لیگ کے نو منتخب ارکان اور ٹکٹ ہولڈرز کے اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ 

اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان،پی ایم ایل این این کے سینئر نائب صدر و سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی،مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال،سینئر نائب صدر آزادکشمیر چوہدر طارق فاروق،جنر ل سیکرٹری شاہ غلام قادر،چیف آرگنائزر مشتاق احمد منہاس سمیت تمام جماعتی ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی جانے والی قرارداد کے مطابق آزاد جموں وکشمیر کے حالیہ انتخابات منعقدہ 25جولائی 2021کے انتخابی نتائج کو وفاقی حکومت اور دیگر اداروں کی جانب سے کھلی مداخلت کی بنا پر مسترد کرتے قراردیا کہ جس جماعت نے پانچ لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرنے کے باوجود صرف 6نشستیں حاصل کیں ان میں سے اکثر عہدیداروں کو انتخابی انجینئرنگ کے ذریعے ہرایا گیا۔ جس سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک متاثر ہوئی ہے۔

تازہ ترین