• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد زبیر نے ن لیگ میں دو بیانیے ہونے کا اعتراف کرلیا


کراچی (ٹی وی رپورٹ) نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے ن لیگ میں دو بیانیے ہونے کا اعتراف کرلیا۔ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ یہ بات درست ہے ن لیگ میں بیانیہ کے حوالے سے کنفیوژن ہے۔

ن لیگ کو دیوار کے ساتھ چن دیا گیا ہے ایسی صورتحال میں پارٹی کے اندر اختلاف رائے ہونا فطری بات ہے کہ کون سا بیانیہ لے کر چلیں۔منیب فاروق کی میزبانی میں ہونے والے پروگرام میں وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور سینئر صحافی و تجزیہ کار فہد حسین بھی شریک تھے۔ 

فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کی شکست کی وجہ نواز شریف کا نفرت انگیز بیانیہ ہے،شہباز شریف آزاد کشمیر انتخابات سے اب تک کہیں نظر نہیں آئے، ن لیگ جس وسطی پنجاب کو اپنا گڑھ کہتی تھی وہاں ان کا گڑھا بنا ہوا ہے، نواز شریف اور بانی متحدہ کے خطابات میں کوئی فرق نہیں ہے۔ 

فہد حسین نے کہا کہ ن لیگ کو اپنے کنفیوژن کی قیمت ادا کرنا پڑرہی ہے،لوگ پوچھ رہے ہیں پارٹی کی پالیسی مزاحمت ہے یا مفاہمت ہے، ن لیگ کے اندر لوگ کنفیوژن میں بٹ چکے ہیں۔

وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ ساری زندگی سلیکٹ ہوتی رہی اس لئے انہیں ہر کوئی سلیکٹڈ لگتا ہے، سلیکشن ن لیگ کا طرہ امتیاز ہے انہی کو مبارک ہو، ن لیگ کو کشمیر کے بعد سیالکوٹ میں بدترین شکست ہوئی ہے۔

سیالکوٹ کی عوام نے ن لیگ کے بلند و بانگ دعوؤں کو خاک میں ملادیا، ن لیگ جس وسطی پنجاب کو اپنا گڑھ کہتی تھی وہاں ان کا گڑھا بنا ہوا ہے، ن لیگ کی شکست کی وجہ نواز شریف کا نفرت انگیز بیانیہ ہے، نواز شریف لندن میں حمد اللہ جیسے ’را‘ کے ڈیلی ویجرز سے مل رہے ہیں۔ 

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف وفاق کی علامت بن کر ابھری ہے، ن لیگ جی ٹی روڈ سے بھی غائب ہوگئی ہے، کشمیر میں پیپلز پارٹی کا ووٹر ڈھونڈنا پڑتا تھا اب وہ دوسرے نمبر پر ہیں، اب ن لیگ اور پیپلز پارٹی دوسری ،تیسری پوزیشن اور اپوزیشن لیڈر بننے کیلئے لڑا کریں گی۔ 

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر نے آزاد کشمیر میں پوری انتخابی مہم چلائی ہم نے انہیں اپنی کارکردگی بتانے سے نہیں روکا تھا، مریم اپنی تقاریر میں پچاس پچاس بار عمران خان کا نام لیتی تھیں لوگوں نے اس کا نتیجہ دیدیا، لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران خان نے عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔

ن لیگ کی حکمت عملی سے پی ڈی ایم کا بیڑا غرق ہوا، شہباز شریف آزاد کشمیر انتخابات سے اب تک کہیں نظر نہیں آئے، پی ٹی آئی کا ووٹ بینک بڑھا ہے ن لیگ کا کم ہوا ہے، پی ٹی آئی کے سماجی منصوبے لوگوں کو ہماری طرف کھینچ رہے ہیں، ن لیگ کے بیانیے میں کوئی جان نہیں ہے،ہماری کارکردگی سے لوگ پرامید ہیں۔

فرخ حبیب کا کہناتھا کہ نواز شریف اور بانی متحدہ کے خطابات میں کوئی فرق نہیں ہے، نواز شریف اداروں کے سربراہان کا نام لے کر گفتگو کررہے ہیں، نواز شریف کے بیانات بھارت میں ہیڈلائنز بنتے ہیں، نواز شریف کو مسئلہ ہے کہ ادارے ان کی کرپشن پر پردہ کیوں نہیں ڈالتے، نواز شریف نے پرویز مشرف کے پاؤں پر ہاتھ لگا کر این آر او لیا تھا۔

نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ ن لیگ نے سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں عام انتخابات سے صرف چار ہزار کم ووٹ لیے، ن لیگ کا بیانیہ پٹ چکا ہوتا تو ہمیں 54ہزار ووٹ نہیں ملتے۔

آزاد کشمیر کے الیکشن میں 81فیصد ٹرن آؤٹ ہوتا ہے،عمران خان 2013ء کے انتخابات کے بعد کہتے تھے چار حلقے کھول دیں، میں وہی مطالبہ کرتا ہوں کہ سیالکوٹ اور کشمیر کے چار حلقے کھول دیں ،صرف انگوٹھوں کے نشان چیک کرلیں کہ کتنی پرچیوں پر ایک جیسے نشان ہیں۔

تازہ ترین