• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی جوڑے کی دلچسپ اور انوکھی شادی کی تقریب

نوبیاہتا پاکستانی جوڑے نے دلچسپ اور انوکھے انداز سے اپنے ولیمے کی  تقریب کا انعقاد کر کے انٹر نیٹ صارفین سمیت عام عوام کو متاثر کُن پیغام دیا ہے۔

خیبر پختونخواہ کے ڈسٹرکٹ بنو کے اسِسٹینٹ کمشنر عثمان اشرف اور اہلیہ ڈاکٹر نتاشہ رضوان نے کچھ دن قبل شادی کی اور اپنے ولیمے کی تقریب کا متاثر کن اور غیر روایتی انداز سے انعقاد کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔

ایک نیوز ویب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عثمان اشرف نے بتایا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پیشِ نظر بڑےاور روایتی اجتماعات کا انعقاد بے وقوفی ہے لہٰذا ہمیں یہ مناسب لگا کہ ایسی صورتحال میں مستحق بچوں کے ساتھ ایک چھوٹی سی تقریب کا اہتمام زیادہ مناسب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شادیوں اور تقریبات میں پیاروں اور خاندان کے افراد کو بھی شامل کیا جانا چاہیے تاہم ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ ایسے لوگوں کو شامل کیا جائے، جیسے کہ اسٹریٹ چلڈرن جو عام طور پر ہمارے معاشرے کی جانب سے نظر انداز کیے جاتے ہیں۔

لہٰذا اس جوڑے نے اپنے ولیمے کی تقریب میں بطور مہمان ایچ ون ٹیچ ون فاؤنڈیشن ( این جی او) کے اسٹریٹ اسکول کے بچے بچوں کو مدعو کیا۔

اس غیر روایتی ولیمے کی تقریب فوراََ ہی عوام کی نظروں کا خاص مرکز بن گئی، متعدد سوشل میڈیا صارفین اس تقریب کی ویڈیو شیئر کر رہے ہیں اور جوڑے کی اس سادہ تقریب کی تعریفیں کر رہے ہیں۔

اس نئے شادی شدہ جوڑے کا کہنا ہے کہ سادہ شادیوں کو عام کرنا چاہیے اور اضافی اخراجات سے گریز کیا جانا چاہیے۔

تازہ ترین