کراچی (پ-ر)ایم سی بی کے اشتراک سے گلگت بلتستان کے 5 کوہ پیمائوں نے کے ٹو چوٹی سر کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، گلگت بلتستان کے علاقے ہوشے سے تعلق رکھنے والے 5 کوہ پیمائوں کی ٹیم جنہیں ایم سی بی بینک نے اسپانسر کیا تھا، نے کامیابی سے پہلی کوشش میں ہی کے ٹو چوٹی عبور کرلی ہے۔ مہم میں انہوں نے اپنی کوہ پیمائی کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف 20 روز میں انجام دیا۔ ہوشے مہم کی قیادت محمد تقی کررہے تھے جب کہ ان کے ساتھ علی درانی، مشتاق احمد، یوسف علی اور محمد حسن بھی تھے۔ کامیاب مہم جوئی سے مقامی مہم جو اور کوہ پیمائوں کے ٹیلنٹ کو فروغ ملے گا۔ جب کہ گلگت بلتستان کی عوام کی اقتصادی حالت بھی بہتر ہوگی۔ واضح رہے کہ ہوشے کوہ پیمائی مہم ایم سی بی اور جہاں داد سوسائٹی آف کمیونٹی ڈیولپمنٹ (جے ایس سی ڈی) کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ تھی۔