• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورنو گرافی کیس‘ شلپا شیٹھی بھارتی میڈیا کیخلاف عدالت پہنچ گئیں

ممبئی (آئی این پی) بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی نے اپنی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے بھارتی میڈیا کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر بزنس مین راج کندرا فحش فلمیں بنانے اور انہیں موبائل ایپ پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار ہیں۔ اس کیس کے حوالے سے ممبئی پولیس اداکارہ شلپا شیٹھی سے بھی کئی بار پوچھ گچھ کرچکی ہے جب کہ بھارتی میڈیا میں ترجیحی بنیادوں پر راج کندرا کی گرفتاری اور فحش فلموں کے کیس کی کوریج کی جارہی ہے۔اداکارہ شلپا شیٹھی نے ان کے خلاف میڈیا میں شائع ہونے والے ہتک عزت مواد کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے اور اپنی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ اداکارہ نے عدالت میں میڈیا میں ان کے بارے میں شائع ہونے والی متعدد رپورٹس کا حوالہ دیا اور کہا یہ رپورٹس غلط ہیں۔ ان رپورٹس سے ان کی بدنامی ہورہی ہے اور یہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچارہی ہیں۔ شلپا شیٹھی نے ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں واضح طور پر الزام لگایا گیا ہے کہ میڈیا نے ان کے بارے میں غلط، توہین آمیز، جھوٹے اور ہتک آمیز بیانات شائع کیے۔ اس طرح کی رپورٹنگ سے معاشرے میں ان کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے نام سے شائع ہونے والے ہتک آمیز مضامین اور ویڈیوز نے عوام سمیت مداحوں، فالوورز، برانڈ کی توثیق کرنے والی کمپنیوں اور کاروباری ساتھیوں کی نگاہوں میں ان کی ساکھ کو کم کردیا ہے اور اب یہ تمام لوگ ان بدنامی والے آرٹیکلز پر یقین کرنا شروع کرچکے ہیں۔

تازہ ترین