• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلجین کوہ پیماؤں کا گروپ پاکستان میں ہے، ظہیر جنجوعہ

برسلز (نمائندہ جنگ ) یورپی یونین ، بلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں شرکاء کو مختلف موضوعات پر آگاہی فراہم کی ۔ انہوں نے بتایا کہ 5 بلجین کوہ پیماؤں کا ایک گروپ سفارتخانہ پاکستان کی معاونت سے اس وقت اپنی کوہ پیمائی مہم پر پاکستان میں موجود ہے ۔ انہوں نے بلجین کوہ پیماؤں کو دنیا کی دوسری اور 12 ویں بلند ترین چوٹیوں کے ٹو اور براڈ پیک کو کامیابی کے ساتھ سر کر نے پر مبارکباد دی۔ سفیرپاکستان نے کہا کہ مقامی حکام کی جانب سے پابندیوں میں نرمی کی وجہ سے 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریب سفارت خانے ہی میں منعقد کی جائے گی۔ تاہم بلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم تمام پاکستانی رجسٹریشن کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔ سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں بلجیم اور لکسمبرگ میں حالیہ تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے فوت شدگان اور ان کے پسماندگان سے حکومت پاکستان اور اپنی جانب سے دلی تعزیت کی اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی ممبران کو سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کی تلقین بھی کی ۔ سفیرپاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وہیکل گفٹ اسکیم سمیت حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دعوت دی کہ وہ ملک کے مختلف اداروں میں دستیاب اعلیٰ پیشہ ورانہ آسامیوں کے لیے درخواست دیں اور ملکی ترقی میں کردار ادا کریں ۔ کھلی کچہری کا اہتمام وزیر اعظم عمران خان کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے کو برقرار رکھنے کے وژن کی مناسبت سے کیا گیا تھا ، تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بلا تعطل خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ ورچوئل کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں اکیڈمی، پیشہ ور افراد، کاروبار، سماجی خدمات اور میڈیا کے نمائندے شامل تھے، کمیونٹی ممبران نے سفارتخانے کی کوششوں اور موثر قونصلر خدمات کی فراہمی کو سراہا۔

تازہ ترین