• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے تاجروں کا بہت احساس ہے، بلاسود قرضے دینگے، ناصر حسین شاہ


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ، تاجر برادری کیلئے سندھ حکومت کو بہت احساس ہے، سندھ بینک کے ذریعہ تاجروں کو بلاسود قرضے اور ٹیکسوں میں ریلیف دیں گے، کراچی میں مکمل نہیں جزوی لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

وہ انڈسٹریز جہاں تمام اسٹاف ویکسین لگوا چکا ہوگا انہیں کھولنے کی اجازت دی جائے گی، این سی او سی ہو یا گورنر سندھ ہمیں وباء کا پھیلاؤ روکنا ہے، سندھ بینک کے ذریعہ تاجروں کو بلاسود قرضے اور ٹیکسوں میں ریلیف دیں گے۔وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار فہد حسین اور سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی بھی شریک تھے۔

فہد حسین نے کہا کہ ن لیگ کے اندر دو بیانیوں کا معاملہ شدت پکڑتا جارہا ہے، شہباز شریف کی خاموشی سوچی سمجھی پالیسی نہیں بلکہ پارٹی میں کشیدگی کی عکاس ہے، ن لیگ میں کنفیوژن کی وجہ سے مخالفین کو فائدہ ہورہا ہے۔

مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ مریم نواز اور شہباز شریف میں اختلاف رائے موجود ہے، شہباز شریف کی اپنی رائے ہے لیکن نہ وہ دلبرداشتہ ہوئے نہ پارٹی معاملات سے خود کو الگ کررہے ہیں، مریم نواز کی اہمیت اور اپیل اپنی جگہ لیکن اسے ووٹ میں تبدیل بھی ہونا چاہئے۔

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں مکمل نہیں جزوی لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے، گورنر سندھ کی بات درست نہیں کہ کرفیو جیسا لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

ایکسپورٹ انڈسٹری، کراچی پورٹ سمیت کئی انڈسٹریز چل رہی ہیں، دیگر انڈسٹریز میں جہاں تمام اسٹاف ویکسین لگوا چکا ہوگا انہیں کھولنے کی اجازت دی جائے گی، ایک وزیر کہتے ہیں معاش کا مسئلہ ہورہاہے کیا انسانی جان کی کوئی قدر نہیں ہے، طبی ماہرین اور محکمہ صحت کی تجاویز اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جزوی لاک ڈاؤن لگایا گیا۔ 

سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر مختلف کارروائی کرتے رہے ہیں، ہم نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جو کارروائیاں کیں سب کا ریکارڈ موجود ہے، ایم کیو ایم والے جو خود قتل عام میں ملوث رہے وہ کہہ رہے ہیں ہم معاشی قتل کررہے ہیں۔ 

ہم نااہل ہوں یا بدنیت لیکن کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کیا ہے، این سی او سی ہو یا گورنر سندھ ہمیں وباء کا پھیلاؤ روکنا ہے، اسلا م آباد، لاہور، پشاور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی ہم نے کبھی ایسی بات نہیں کی۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار فہد حسین نے کہا کہ ن لیگ کے اندر دو بیانیوں کا معاملہ شدت پکڑتا جارہا ہے، آزاد کشمیر اور پھر سیالکوٹ انتخابات میں جو کچھ ہوا اس سے پارٹی کو نقصان ہورہا ہے، نچلی قیادت ،کارکنوں اور ووٹرز میں پارٹی پالیسی کے حوالے سے کنفیوژن ہے ،وہ کنفیوژ ہیں کہ مفاہمت کرنی ہے یا مزاحمت کرنی ہے،نواز شریف کو ن لیگ میں اختلاف رائے کا معاملہ سیٹل کرنا ہے لیکن وہ خاموش ہیں۔

تازہ ترین