• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 ماہ میں لگ بھگ دس کروڑ ویکسین لگوانی پڑیں گی، اسد عمر


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے جیو نیوز پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ٹارگٹ سات کروڑ سیٹ کیا تھا اس سال کے آخر تک اور ہماری کوشش یہی ہوگی کہ یہ ہدف اس سے پہلے مکمل ہوجائے تین کروڑ ویکسین لگ چکی ہیں۔ ان پانچ ماہ میں لگ بھگ دس کروڑ ویکسین لگوانی پڑیں گی کیوں کہ کئی ویکسین دو ڈوز پر ہیں، وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ نصاب میں وہ چیزیں ڈالی گئی ہیں کہ بچوں کو رٹنے سے دور اور صلاحیت و مہارت کو بڑھایا جائے۔جیو نیوز پروگرام نیا پاکستان کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کافی عرصے سے نظام تعلیم میں بہتری لانے اور مدارس، سرکاری، پرائیوٹ اسکول میں پڑھنے والے تمام بچوں کو ایک چھت کے نیچے لانے پر زور دیتے رہے ہیں وہ کہتے رہے ہیں کہ پوری قوم کو یکساں قومی نصاب کے تحت تعلیم دینا بہت ضروری ہے وزیراعظم کے ون نیشن اور ایک نصاب کے ویژن کے تحت کل سے پنجاب اور اسلام آباد کے تمام سرکاری پرائیوٹ اسکولوں میں مدارس میں پری ون سے لے کر پانچویں کلاس تک یکساں قومی نصاب نافذ ہوجائے گا جس کا اعلان آج خود وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کیا ہے۔خیبر پختونخوا میں یہ نصاب یکم جولائی سے نافذ ہوچکا ہے مگر سندھ اور بلوچستان حکومت نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔لوگوں کے ذہنوں میں سوالات ہیں کہ تعلیم کا معیار بہتر ہوگا یا مزید گر جائے گا۔پہلی سے پانچویں کلاس تک قرآن پڑھانا لازم ہوگا جبکہ چھٹی سے بارہویں تک ترجمہ کے ساتھ قرآن کی تعلیم دی جائے گی۔ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ ایسا نہیں کہ ایک دم ہم کوئی بہت زیادہ کتابیں بدل گئی ہیں سب چیزیں بدل گئی ہیں ایسا نہیں ہے جب یہ بات دو ڈھائی سال پہلے شروع کی گئی تو پرائیوٹ سیکٹر، سول سوسائٹی علماء سب اس کے ممبر تھے یہ چالیس سے زیادہ ممبر کی کمیٹی تھی جس نے بیٹھ کر یہ سارے فیصلے کئے ہیں آج اگر کوئی بھی کھڑا ہو رہا کہ یہ سب کیا ہورہا ہے یہ سب جانتے تھے پنجاب نے پرائیوٹ سیکٹر کو دو نہیں تین دفعہ بلایا اس میں ہر چیز کی وضاحت دی سب نے کہا بہت اچھا کام کیا ہے ہم بھی اس کو اپنائیں گے آگے چلائیں گے۔کل کوئی بھی اس پر اعتراض کرتا ہے تو میں بتا دینا چاہتا ہوں سب کو اس کی ہر تفصیل سے آگاہ کیا گیا ہے تب ہی اس چیز پر کام کرتے کرتے تین سال لگ گئے۔ جو پرائیوٹ اسکول میں پڑھائی جارہی ہیں کئی چیزیں ان سے بھی بہتر ہیں ۔اردو کو ترجیح دی گئی ہے، میں چاہتا تھا سائنس بھی اردو میں ہونی چاہئے لیکن ہم نے مل کر فیصلہ کیا کہ فوری طور پر اتنا بڑا اقدام نہیں کرنا چاہئے تو جنرل اسٹیڈیز، اسلامیات یہ سب اردو میں ہیں اور میتھ سائنس انگلش میں ہوگی۔ اس نصاب میں وہ چیزیں ڈالی گئی ہیں کہ بچوں کو رٹنے سے دور کریں اور ان کی صلاحیت اور مہارت کو بڑھایا جائے اور بچے صحیح سے سمجھ سکیں اور دنیا میں پرائمری اسکولز اپنی زبان میں پڑھاتے ہیں تاکہ بچوں کو ہر چیز واضح ہوجائے اور بہترین بنیاد بن سکے۔جو سبجیکٹ ہوگا جس زبان میں ہوگا اسی میں سمجھایا جائے گا،انگلش کو انگلش میں اور اگر کوئی کتاب اردو میں ہے تو اردو میں پڑھایا جائے گا۔ میں سمجھتا تھا کہ سائنس بھی اردو میں ہو تاکہ بچوں کے concepts کلیئر ہوں ابھی فی الحال انگلش میں ہے بتدریج اس پر کام ہوگا ۔ابھی ہماری قومی زبان اردو ہے ابھی اس پر کام ہو رہا ہے آگے جا کر مزید کام ہوگا لیکن ابھی ہم قومی زبان کی طرف جارہے ہیں اور اردو اکثریت کو سمجھ آتی ہے انگریزی سب کو سمجھ نہیں آتی۔پنجاب میں زیادہ تر پرائیوٹ اسکولز میں اردو میں ہی سائنس اور میتھ کو پڑھایا جاتا ہے یہ سب سبجیکٹ اردو میں چل رہے ہوتے ہیں اور ٹیچر لیکچر بھی اردو میں دے رہے ہوتے ہیں۔

تازہ ترین