• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، وفاق کی نئی پابندیاں، بازار ہفتے میں 2 دن بند، کاروبار رات 8 بجے تک، دفاتر میں حاضری، پبلک ٹرانسپورٹ میں تعداد 50 فیصد


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے آج سے نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے ۔وفاقی حکومت نے بازار رات 8بجے اور ہفتے میں 2دن کاروبار کی بندش کا فیصلہ کیا ہے ‘انڈور ڈائننگ بند اور آؤٹ ڈور ڈائننگ رات دس بجے تک کھلی رہے گی‘ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی24گھنٹے اجازت ہو گی۔ شادیوں میں 400 سے زائد افراد کو بلانے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ اجتماعات پر بھی اسی کا اطلاق ہو گا۔صرف ویکسی نیشن کرانے والوں کو شادی میں جانے کی اجازت ہوگی ‘پبلک ٹرانسپورٹ پر مسافروں اور دفاتر میں ملازمین کی تعداد بھی 50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بندشوں کا اطلاق 3 اگست سے 31 اگست تک ہوگا۔ وفاقی وزیر و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے‘ ملک میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اس لیے نئی پابندیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے‘وزیراعظم کی منظوری کے بعد کچھ فیصلے کیے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام مارکیٹیں ہفتے میں دو دن بند رہیں گی البتہ اس بات کا اختیار صوبے کو ہو گا کہ وہ کن دو دنوں میں چھٹی کریں گے‘ انہوں نے کہا کہ جن شہروں میں پابندیوں کا اطلاق ہو گا ان میں صوبہ پنجاب میں راولپنڈی، لاہور اور فیصل آباد شامل ہیں، خیبر پختونخوا میں پشاور اور ایبٹ آباد، صوبہ سندھ میں کراچی اور حیدرآباد میں 8 تاریخ تک پابندیوں کا اطلاق ہو گا۔اگر مثبت کیسز کی شرح برقرار رہتی ہے تو کراچی اور حیدرآباد میں 8 تاریخ کے بعد بھی یہ پابندیاں لاگو رہیں گی۔اسلام آباد کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں میرپور اور گلگت بلتستان میں گلگت اور اسکردو میں بھی ان پابندیوں کا اطلاق ہو گا۔ 

تازہ ترین