اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے غربت میں کمی، ملکی دولت میں اضافہ اور ماحولیاتی تحفظ کو اپنا بڑا وژن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نظام کرپٹ ہو تو چند لوگ امیر جبکہ ملک غریب ہو جاتا ہے، قانون کی بالادستی سے ہی ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آئے گی‘جو ملک ایٹمی ہتھیار بنا سکتاہے وہ چھوٹی چھوٹی چیزیں کیوں نہیں بنا سکتا‘9اگست کو کامیاب پاکستان پروگرام کا اجراء کیا جا رہا ہے، پروگرام کے تحت خاندان کے ایک فرد کو تکنیکی تربیت اور بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا‘ ٹیکس محصولات کا نظام بہتر بنانے کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں، برآمدات بڑھانے کیلئے برآمدی شعبہ کو خصوصی مراعات دیں گے‘ تمام شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں، قبضہ گروپوں سے سرکاری زمینیں واگزار کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو تین روزہ انٹیریئر کنسٹرکشن، الیکٹریکل و الیکٹرانکس (آئی سی ای ای) نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا کہ ان کا وژن ہے کہ لوگوں کو غربت سے نکالا جائے، ہماری 40 فیصد آبادی میں سے 25 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے جبکہ 20 سے 25 فیصد خط غربت کے قریب قریب ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کا دوسرا وژن ملکی دولت کو بڑھانا ہے‘ہم نے پاکستان کو اس کے اصل مقام کی طرف لے کر جانا ہے‘ ملک کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کرنا چاہتے ہیں‘امیر طبقہ نہ تو ٹیکس دیتا ہے، چھٹیاں بیرون ملک گزارتا ہے اور اس کی شاپنگ بھی بیرون ملک ہوتی ہے جبکہ عام آدمی مشکل سے اپنی بنیادی ضروریات پوری کرتا ہے، جن ممالک کی حکمران اشرافیہ بدعنوان ہو تو وہاں یہی حالات ہوتے ہیں۔