کراچی (نیوز ڈیسک) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اوراپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں سیشن کورٹ میں جواب جمع کراتے ہوئے ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا کردی۔ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان تفتیش میں تعاون نہیں کررہے ہیں، شہباز شریف اور حمزہ شہباز بھی بیرون ملک فرار ہوسکتے ہیں،ضمانت خارج کی جائے،ضمانت میں توسیع ہوتی رہی تو کیس کی تفتیش مکمل نہیں ہوسکے گی ، عدالت نے ضمانت میں 16اگست تک توسیع کردی ۔نجی ٹی و ی مطابق ایف آئی اے نے عدالت میں موقف اپنایا ہے کہ رمضان شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی ہے اور ملزمان پر 25ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے،ریکارڈ کے مطابق رمضان شوگر ملز کے کم تنخواہ دار ملازمین کے نام پر اکاونٹس کھلوائے گئے جبکہ مشکوک بینک اکاونٹس کے ذریعے 2008 سے 2018 تک لین دین ہوتا رہا ، ملزمان نے حوالہ ہنڈی کے ذریعے بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ کی ہے۔جواب میں مزید کہا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق ملزمان سلیمان شہباز ،طاہر نقوی اور ملک مسعود برطانیہ فرار ہوچکے ہیں ۔