اسلام آباد( نمائندہ جنگ )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر پریمیر لیگ میں کھلاڑیوں پر بھارتی دبائو کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ پر سیاست، بھارت کو منفی رویئے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے فیک نیوز کا سہارا لیا جارہا ہے، بھارت اسپائلر کا کردار ادا نہ کرے، ہم کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔بھارت کو کرکٹ جیسی انٹرنیشنل کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے،بھارت اگر مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کے کھیلوں کے پروگرام کا انعقاد کرنا چاہتا ہے تو ہمیں اعتراض نہیں ہوگا، پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے فیک نیوز کا سہارا لیا جا رہا ہے، اپنے بیان میں وزیرخارجہ نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے ممبران نے حال ہی میں صدر سلامتی کونسل کو خط ارسال کیا ہے،اس خط میں ممبران یورپی پارلیمنٹ نے جو موقف اپنایا ہے یہ وہی موقف ہے جسے پاکستان گذشتہ دو سال سے ہر فورم پر دوہراتا چلا آ رہا ہے۔شاہ محمود نے کہا کہ اگر مقبوضہ کشمیر کا کوئی کھلاڑی بین الاقوامی پذیرائی حاصل کرتا ہے ہمیں تو اس کی بھی خوشی ہو گی۔