اسلام آباد (نمائندہ جنگ) حکومت نے موسمی حالات اورلینڈسلائیڈنگ کے پیش نظر گلگت بلتستان میں48گھنٹوں کیلئے سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی۔کمشنر دیامر استور ڈویژن نے بابوسر اور تھور چیک پوسٹ پر سیاحوں کو روکنے کی ہدایت کردی۔اس ضمن میں کمشنر نے یہ بھی حکم دیا کہ بابوسر ٹاپ اور تھور چیک پوسٹ کو سیاحوں کیلئے بند کردیا جائے ۔ادھرخیبرپختونخوا حکومت نے عید الاضحیٰ پر سیاحوں کی آمد اور کاروبار سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے تحت عید الاضحیٰ پر سیاحتی مقامات پر27 لاکھ سے زائد افراد آئے، لاکھوں سیاحوں کی آمد سے 66 ارب روپے کا کاروبار ہوا۔سیاحت سے مقامی معیشت کو بھی 27 ارب سے زائد کا فائدہ ہوا۔ عید الاضحیٰ کے صرف 4 دنوں میں مجموعی طور پر27 لاکھ 70 ہزارسیاحوں کی آمد ہوئی۔ان سیاحوں میں سوات میں 10 لاکھ 50 سے زائد ، گلیات میں 10 لاکھ اور کمراٹ میں ایک لاکھ 20 ہزار سیاحوں نے رخ کیا۔وادی کاغان میں7 لاکھ سے زائد جبکہ چترال 50 ہزار سیاحوں کی آمد ہوئی۔