اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی نظریاتی اساس پرکسی کو سمجھوتہ نہیں کرنے دینگے، پردہ اور حیا کاکلچر عام کرناہوگا،سیکولر لابیز خاندانی نظام تباہ کرنے پر تلی ہیں ،بے راہ روی ، فحاشی اور عریانی کا کلچر پوری طاقت کے ساتھ اسلامی تہذیب پر حملہ آور ہے ، جنسی استحصال ، ہراسگی اور ریپ کے بعد قتل کے واقعات میں اضافہ ہر پاکستانی کے لئے لمحہ فکریہ ہے،سیکولر لابیز خاندانی نظام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے،جماعت اسلامی کی خواتین کو ان تمام محاذوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، پردہ اور حیا کے کلچر کو عام کرناہوگا ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نےمنصورہ میں جے آئی یوتھ خواتین ونگ کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے بعد اس کی نظریاتی اساس کے خلاف سازشیں کرنے والوں کی بھی آلہ کار بنی ہوئی ہے ۔ گھریلو تشدد بل اسی کا پیش خیمہ ہے ۔ ہم یہ واضح کرناچاہتے ہیں کہ اسلامی اقدار اور ملک کی نظریاتی اساس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔سراج الحق نے حکومت پر زور دیا کہ معاشرے میں موجود بے سہارا،بیوہ خواتین کو ریاست کی طرف سےامداد ملنی چاہیے، خواتین کو ہراساں کرنے اور زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لئے قوانین پر عملدرآمد کیاجائے۔