• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا تنویر الحق تھانوی PTI چھوڑ کر PPP میں شامل


کراچی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

مولانا تنویر الحق تھانوی نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ مولانا تنویر الحق تھانوی پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہوں اس کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہی، وفاقی پارلیمانی نظام ایک دوسرے کو برداشت کر کے آگے چلنے کا نام ہے، ملک میں سیاست اور سیاستدانوں کو بدنام کر کے پیش کیا جا رہا ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں حکومت بنانے کی باتیں کرنے والے عوام کے مسترد کردہ ہیں، یہ لوگ ملک بھر میں مسترد ہوں گے، ارباب رحیم پہلے یہ بتائیں کہ انہوں نے کتنی جماعتیں تبدیل کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو کسی بھی صوبے میں سیاست کرنے کا حق ہے، عمران خان اپوزیشن لیڈر کے اوپر سندھ میں کسی اور کو لے کر آئے ہیں جس پر حلیم عادل شیخ کو سوچنا چاہیئے کے اب ان کی حیثیت کیا ہے۔

پی پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ سندھ حکومت کے 13 سال پر سوال اٹھانے والے ان 40 سالوں کی حکمرانی کرنے والوں کے لیے بھی سوال کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تونسہ سے 1 لاکھ 30 ہزار کیوسک پانی بہایا جاتا ہے اور گڈو تک 1 لاکھ کیوسک پانی پہنچتا ہے جس کا مطلب ہے کہ بیچ میں سے 30 ہزار کیوسک پانی چوری کیا جا رہا ہے۔

نثار کھوڑو کا یہ بھی کہنا ہے کہ تونسہ سے گڈو تک 30 ہزار کیوسک پانی کی چوری پر ارسا کا ادارہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

اس موقع پر مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہا کہ دینی خدمات کے ساتھ ساتھ سیاست میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ہماری دھرتی ہے، سندھ میں ہی ہمارا جینا مرنا ہے، امید ہے کہ پیپلز پارٹی ہماری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گی۔

مولانا تنویر الحق تھانوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں پی ٹی آئی میں ایکٹیو نہیں تھا جبکہ مسلم لیگ نون اپنے مسائل میں الجھی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ مولانا تنویر الحق تھانوی ایم کیوایم کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے، وہ چند ماہ قبل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔

قومی خبریں سے مزید