• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذاکرات نواز نہیں شہباز شریف سے، الیکشن کمیشن ارکان کیلئے وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات ضروری نہیں، ووٹنگ مشین کے مخالف تجاویز دیں، فواد چوہدری

شہباز شریف کی ساتھ چلنے کی بات خوش آئند ہے،چوہدری فواد حسین


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ساتھ چلنے کی بات خوش آئند ہے‘ ہمارا موقف ہے کہ جو لوگ پارلیمنٹ کے اندر ہیں وہ اپنی پارٹی کو لیڈ کریں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے مخالف انتخابی اصلاحات پر اپنی تجاویز دیں، انتخابی اصلاحات پرپارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن رہنمائوں سے بات ہوگی، بھگوڑوں سے نہیں۔

نواز شریف اوربانی متحدہ قانون کے بھگوڑے ہیں ‘ انہیں پارٹی قیادت کا حق نہیں ‘ نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز پارلیمانی نظام کا حصہ نہیں ہیں اس لئے وہ سسٹم کو تباہ کرنا چاہتے ہیں‘ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے لئے وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کو خط لکھیں گے لیکن مشاورت کے لئے ملنا ضروری نہیں ہے۔

کورونا ویکسی نیشن کی سب سے کم شرح کراچی اورحیدرآبادمیں ہے ‘سندھ حکومت اپنے گریبان میں جھانکے اورگورننس بہتربنانے کی کوشش کرے‘اسلام آبادکے گرین ایریاز میں بحریہ ‘ فضائیہ، پولیس ودیگراداروں اور طاقتور افراد کی جانب سے قائم تجاوزارت کو ختم کرادیاگیاہے۔

کسانوں اور جوانوں کو بلاسود قرضے ملیں گے ‘کابینہ نے قومی اسمبلی کی نشستوں میں ردوبدل کی تحریک ختم اوروزراءکی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہےجبکہ وزیراعظم ہاؤس کو کاروباری مقاصدکیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ بھی مؤخر کردیا گیا ہے۔

کپاس کی فی من امدادی قیمت پانچ ہزار روپے مقرر کی گئی ہے‘ سعودی عرب سے 28 پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچے ہیں، وفاقی کابینہ نےفراڈکے ملزم مجاہد پرویز کو امریکا کے حوالے کرنے کی منظوری دی‘ آزادکشمیر انتخابات کشمیر کے وزیراعظم نے کروائے، ان کے ہم زلف الیکشن کمیشن کے سینئر رکن تھے۔

وفاقی کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز اورمشیرپارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ چ

وہدری فواد حسین نے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد ویکسی نیشن میں بھی بہت پیچھے ہیں‘بدقسمتی سے پاکستان میں ہر شعبے میں سندھ حکومت سب سے پیچھے ہے‘سندھ ہمارا بہت ہی اہم صوبہ ہے‘یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بیٹھ کر شکلیں دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں سنجیدہ لوگ موجود ہیں،نواز شریف، فضل الرحمان اور مریم نواز اس نظام کو طاقتور ہوتا نہیں دیکھا چاہتے، وہ چاہتے ہیں کہ نظام بگڑےاورانہیں موقع ملے ، پی پی پی اور پی ایم ایل این کے اندر ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو اس نظام کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس نظام کا حصہ بھی ہیں۔

پارلیمنٹ کے اندر موجود نمائندوں کو اپنی پارٹی کی قیادت کرنی چاہئے، قانون سے بھاگے ہوئے ملزمان پارٹی نہیں چلا سکتے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل پارک میں کسی قسم کی تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے بلاتفریق و امتیاز قانون کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔ 

نیول فورسز، فضائیہ، پولیس سمیت دیگر سرکاری اداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ گرین ایریاز سے اپنی تجاوزات کو پیچھے ہٹائیں۔ مونال ریسٹورنٹ کے قریب نیشنل پارک کے اندر تعمیرات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اگر ایسی تجاوزات ہوئیں تو انہیں گرا دیا جائے گا، وزیراعظم نے اس ضمن میں علی نواز اعوان کو ذمہ داری سونپی ہے۔ 

فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے امریکی حکومت کی درخواست پر فراڈ کے مقدمے میں مطلوب مجاہد پرویز کو امریکہ کے حوالے کرنے کی منظوری دی ہے۔ مجاہد پرویز پر کرپشن اور قانون شکنی میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے آئین کے آرٹیکل 51 کی شق 3 کے تحت قومی اسمبلی میں مختلف صوبوں کی نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ چونکہ مردم شماری کے عبوری اور حتمی اعداد و شمار میں کوئی خاص فرق سامنے نہیں آیا لہذا ان نشستوں کی تقسیم میں ردوبدل کی ضرورت نہیں ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت کی کہ اگلی مردم شماری کے لئے انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم ہائوس کو نجی تقریبات کے لئے اوپن کرنے کا معاملہ موخر کر دیا گیا ہے۔ 

وزیراعظم ہائوس کے عقب کی جگہ پر یونیورسٹی بن رہی ہے، اس کے لئے 32 ارب روپے پہلے ہی مختص ہو چکے ہیں، اس کا بل بھی میں بحیثیت وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اسمبلی میں پیش کر چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ 1931ءسے حوالگی کا معاہدہ ہے، برطانیہ کے ساتھ نہیں ہے، امریکا نے بھی ہمیش خان کو ہمارے حوالے کیا تھا۔      

تازہ ترین