• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیپاٹائٹس بی اور سی خاموش قاتل، خاندان کے ہر فرد کی ویکسی نیشن ضروری، میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سیمینار

ملتان (نمائندہ جنگ)ماہرین نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی خاموش قاتل ہیں بچنے کیلئے خاندان کے ہر فرد کی ویکسی نیشن ضروری ہے، ہیپاٹائٹس کی 5اقسام ہیں جبکہ کالا یران ہیپاٹائٹس بی اور سی پر مشتمل ہے۔ اور اے اور ای پیلا یرقان کو کہا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلٹن فارما،نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان اور میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی(جنگ گروپ آف نیوز پیپرز ) کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے حوالے سے ہونے والے خصوصی سیمینار میں کیا۔ پینل میں ایسوسی ایٹ پروفیسر،ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر آصف گل، اسسٹنٹ پروفیسر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر یاسر عباس زیدی،اسسٹنٹ پروفیسر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر رضوان حمید،سنیئر رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر فاروق محی الدین شامل تھے۔ڈاکٹر آصف گل نے کہاکہ ہیپاٹائٹس یا یرقان کی 5 مختلف اقسام ہیں یہ آلودہ خون اور جسمانی مواد سے پھیلتا ہے۔یہ جگر کی مختلف جان لیوا پیچیدگیوں مثلاً جگر کا فیل ہونا،جگر کا کینسر،پیٹ میں پانی، بے ہوشی اور خون کی الٹی وغیرہ کا باعث بنتا ہے۔کالا یرقان ایک خاموش قاتل ہے۔کیونکہ مریض کو جب مرض کا پتہ چلتا ہے تو اس وقت اس میں مندرجہ بالا پیچیدگیاں ظاہر ہو چکی ہوتی ہیں۔اس وجہ سے کالا یرقان اور اس کے نقصان سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔خاندان کے تمام افراد کی سکریننگ ٹیسٹ،ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین ،مرض کی تشخیص کی صورت میں بر وقت علاج کروایا جائے ۔پیلا یرقان ہیپاٹائٹس اے اور ای پر مشتمل ہےیہ آلودہ پانی خوراک سے پھیلتا ہے اور عموماً اس میں پیچیدگیوں کی شرح 5 فیصد سے کم ہے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کر کے اور ویکسین کے ذریعے اس سے بچا جا سکتا ہے۔نشتر ہسپتال شعبہ گیسٹرو انٹرولوجی و ہیپاٹائٹس کلینک میں کالے یرقان کی تشخیص ویکسینیشن اور علاج کی مفت سہولت موجود ہے۔ ڈاکٹر یاسر عباس زیدی نے کہا کہ کا لا یرقان کی عموماً علامت ظاہر نہیں ہوتی اور جب علامات ظاہر ہوتی ہیں اور مریض علاج کے لئے آتا ہے تب اس کا جگر کافی حد تک متاثر ہو چکا ہوتا ہے اس لئے بروقت اور جلد تشخیص سے اور مکمل علاج سے اس موذی مرض سے بچا جا سکتا ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ گھر کے تمام افراد ہیپاٹائٹس کی سکریننگ کروائیں۔

تازہ ترین