• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسر حسین، وزیراعظم عمران خان سے ناراض

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان یاسر حسین نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو جیل میں گھر کا کھانا فراہم کرنے پر وزیراعظم عمران خان سے شدید ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔

یاسر حسین نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جاری کی گئی اپنی اسٹوری میں کہا کہ ’اُس بےحس ظاہر کو جیل میں بھی گھر کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے جس نے نور کا سر کاٹ کر الگ کردیا تھا۔‘

اداکار نے وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’جب اتنے بڑے کیس میں یہ سب ہورہا ہے تو غریبوں کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔‘

اُنہوں نے اپنے پیغام میں ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان نیا ہے لیکن حالات وہی پُرانے ہیں۔‘

واضح رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

20 جولائی کو تھانہ کوہسار کی حدود ایف سیون فور میں 27 سالہ لڑکی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

نور مقدم کے قتل کامقدمہ والد کی مدعیت میں تھانہ کوہسار میں درج ہے، مقدمہ میں سابق پاکستانی سفیر شوکت علی نے بتایا کہ ان کی بیٹی نور مقدم جس کی عمر 27سال ہے اس کو ملزم ظاہر نے تیز دھار آلہ سے قتل کیا،پولیس کے مطابق مقتولہ کے جسم پر تشددکے نشانات پائے گئے جب کہ سر دھڑ سے الگ تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید