• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کو تحفظ فراہم کریں: عائشہ عُمر کا عمران خان سے مطالبہ

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور سماجی و معاشرتی مسائل پر ہمیشہ اپنی آواز بُلند کرنے والی عائشہ عُمر نے وزیراعظم عمران خان سے خواتین کا تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

عائشہ عُمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’ گھریلو تشدد سے متعلق بل پاس کروایا جائے اور اس وقت یہ بِل پاس کروانا ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔‘

اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہمیں اس بِل کو پاس کرنے اور قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’بہت سی خواتین کو باقاعدگی سے گھریلو زیادتی و تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اسے ’گھر کا معاملہ‘ قرار دیا جاتا ہے۔‘

عائشہ عُمر نے مزید لکھا کہ ’ہمیں تمام خواتین کو تحفظ کی ضرورت ہے۔‘

اس سے قبل پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے بیان میں گھریلو تشدد سے متعلق بل پاس کروانے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ براہِ کرم اب گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے بل پاس کروائیں۔

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ جب تک کوئی قانون نہیں ہوگا، تب تک خواتین زیادتی کا شکار رہیں گی۔

ساتھ میں انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ اب احتساب ہونا بہت ضروری ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں جنسی زیادتی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں افسوسناک واقعات سامنے آرہے ہیں۔

اس ضمن میں عام عوام سمیت شوبز ستارے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اپنی آواز بُلند کرتے نظر آرہے ہیں۔

تازہ ترین