• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کی حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا: خورشید شاہ


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشيد شاه نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسی کے باعث مہنگائی زیادہ ہے، غريب پریشان ہیں، ہماری حکومت نے لوگوں کو ریلیف دیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔

احتساب عدالت میں خورشید شاہ کیس کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی گئی، اس موقع پر احتساب عدالت سکھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جھوٹے وعدوں پر کچھ نہیں ہونا، لوگوں کو سوچنا ہوگا، پنجاب والےخاص طور پر نوجوان سوچیں ملک میں کیا ہورہا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں بہتر ہوتیں تو خدا کی قسم میں ویلکم کرتا، بدقسمتی سے صرف اقتدار کی جنگ ہے، سب سے زیادہ کرپشن پی ٹی آئی میں ہے اور اس کے ثبوت بھی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سکھر میں میرے خلاف ایک بھی ایکڑ زمین کا قبضہ ثابت کرکے دکھائیں، میں نے سرکاری پلاٹ پر قبضے ہونے سے بچایا، سکھرمیں سڑکیں دی ہیں اسپتالیں دی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سندھ میں اتحاد اقتدار کے لیے بنا ہے، اگر کوئی اتحاد مہنگائی اور عوامی مسائل کے لیے بنتا تو سب سے پہلے میں اسے ویلکم کرتا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جن جن وزیروں اور مشیروں کو حکومت سے نکالا گیا انہیں دوبارہ لگا دیا گیاہے، مجھے باندھ کر رکھا ہے کہ خورشید شاہ اگر بلاول کے ساتھ ہوا، تو کشمیر جیت جائے گا اور ہم الیکشن جیت جاتے جبکہ کشمیر کا بچہ بچہ ہم سے پیار کرتا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے لوگوں کو کچھ نہیں دیا، ہم پر الزامات لگائے گئے لیکن کچھ ثابت نہیں کیا گیا، مجھ پر الزامات لگائے گئے، بار بار کہا ہے کہ کچھ ہے تو لیکر آئیں۔

تازہ ترین