آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا تعلق حلقہ ایل۔اے 18پونچھ ون کے گاؤں درہ شیر خان سے ہے، جو لائن آف کنٹرول کے بالکل سامنے ہے۔
سردار عبدالقیوم نیازی 1969 میں گاؤں درہ شیر خان میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق مغل خاندان سے ہے اور وہ تخلص کے طور اپنے نام کے ساتھ ’نیازی‘ لکھتے ہیں، مقامی سطح پر ان کو دلی مغل کہا جاتا ہے ۔
سردار عبدالقیوم نیازی کے آباؤ اجداد 1947 میں مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کرکے ضلع پونچھ کے کنٹرول لائن پر واقع علاقہ درہ شیر خان میں آباد ہوئے ، ان کے بڑے بھائی سردار غلام مصطفیٰ مغل 1985 میں وزیر مال رہے ۔
سردار عبدالقیوم خان نیازی نے22 سال کی عمر میں ڈسٹرکٹ کونسلر کا الیکشن لڑا جو جیت گئے، 2006 میں ممبر اسمبلی کے لیے مسلم کانفرنس کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا اور امیدوار اسمبلی نامزد ہوئے ، 2006 سے 2011 تک وزیر خوراک سمیت دیگر وزارتوں پر بطور اپنی خدمات سر انجام دیتے رہے۔
آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم نے 2011 میں دوبارہ مسلم کانفرنس کے ٹکٹ سے امیدوار اسمبلی کے لئے الیکشن لڑا جس میں ناکام ہوئے۔
2016 میں ایک بار پھر مسلم کانفرنس کے ٹکٹ سے امیدوار اسمبلی کے لئے میدان میں اترے اور چند سو ووٹوں سے الیکشن ہار گئے ، بعد ازاں الیکشن میں دھاندلی کا الزام لے کر عدالت پہنچے جس کا کیس عام انتخابات 2021 تک عدالت میں تھا۔
2019 میں مسلم کانفرنس کی دیرینہ رکنیت کو خیر آباد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور عام انتحابات 2021 پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا اور 9 ہزار کی لیڈ کے ساتھ 24ہزار 758 ووٹ حاصل کیے اور 4اگست 2021کو وزیراعظم آزادکشمیر منتخب ہوگئے۔
سردار عبدالقیوم نیازی کے وزیراعظم منتخب ہونے پر ان کے گاؤں میں جشن کا سماں ہے۔