پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےعہدے کےلئے نامزد امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری کا شمار بلوچستان کے ممتاز مذہبی اور سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے، وہ اس وقت جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل کےعہدے پر فائز ہیں۔
تین مارچ کے سینیٹ انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کی ٹکٹ پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی حمایت سے چھ سالہ مدت کے لیے دوبارہ سینیٹ کے رکن منتخب ہنے والے مولانا عبدالغفور حیدری دوسری بار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کےانتخاب میں امیدوار ہیں۔
مولانا عبدالغفور حیدری جون 1957 کو قلات میں علاقے کی ممتاز قبائلی شخصیت محمد اعظم لہڑی کے ہاں پیداہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم آبائی علاقے میں حاصل کی اور بعد ازاں 1979میں وفاق المدارس العربیہ کےتحت امتحانی بورڈ سے مذہبی تعلیم مکمل کی۔
مولاناعبدالغفور حیدری 1974میں تحریک ختم نبوت اور 1977 میں تحریک نظام مصطفے میں سرگرم رہے۔۔
انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز 1981میں جمعیت علمائے اسلام کے پلیٹ فارم سے کیا، 1984 میں اپنے علاقے قلات میں جامعہ شاہ ولی اللہ کی بنیاد رکھی اور وہاں 1990 تک مہتمم اور مدرس کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔
اپنے سیاسی کیرئیر سے قبل اور بعد میں مولانا عبدالغفور حیدری نے قیدو بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں، وہ 1995میں جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے، اس کے بعد سے اب تک وہ پانچ بار مسلسل اسی عہدے پر منتخب ہوچکے ہیں۔
مولانا عبدالغفور حیدری 1990 کےعام انتخابات میں رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے اور سینئر صوبائی وزیر رہے، 1992میں حکومت سے اختلافات کےبعد انہوں نے اپوزیشن کو جوائن کرلیا۔
مولانا عبدالغفور حیدری 1993 کےانتخابات میں قلات کےحلقہ سے پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، وہ 2002میں دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
مولاناعبدالغفورحیدری 2008 میں سینیٹر منتخب ہوئے، اس عرصہ کے دوران وہ سینیٹ آف پاکستان میں مخلوط حکومت کے چیف وہپ اور دو سال تک سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بھی رہے، 2013 میں میں وزیر مملکت برائے پوسٹل سروسز رہے۔
بعد ازاں 2015 میں وہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے اور اس عہدے پر 2018تک فائز رہے، 12 مئی 2017 کو مستونگ میں وہ ایک خودکش حملے میں زخمی بھی ہوگئے تھے۔
تین مارچ کے سینیٹ انتخابات میں مولانا عبدالغفور حیدری جمعیت علمائے اسلام پاکستان کی ٹکٹ پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی حمایت سے چھ سالہ مدت کے لیے دوبارہ سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے، یہ دوسری بار ہے کہ مولانا عبدالغفور حیدری ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کےانتخاب میں امیدوار ہیں۔