اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعظم نے ضلعی انتظامیہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعظم نےواقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔دریں اثناء نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے مذمتی بیان میں ہندو مندر پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر فساد پھیلانے والوں اور حملہ آوروں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ کسی بھی فرد،گروہ یا جماعت کو فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ اس افسوسناک واقعہ کی پاکستان علماءکونسل اور ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماءو مشائح اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔