اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کیخلاف نئی انکوائری کو نیب نیازی اتحاد کی غنڈہ گردی کی ایک اور کڑی قرار دیاہے،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انکوائری شہباز شریف کو ہراساں کرنے کی ایک اور کوشش ہے، یہ ناپاک اتحاد عدالتوں اور عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا تھا ، پھر بھی بے شرمی سے اپنے کرتوت جاری رکھے ہوئے ہے، عمران خان کے نام نہاد احتساب اور منی لانڈرنگ کے بیانیے کی موت ایک دکھی موت تھی لیکن عمران کا انتقام کوئی حد نہیں جانتا،عمران اور نیب چینی ، گندم ، آٹا ، ادویات ، بجلی ، گیس ، رنگ روڈ اور بہت سے دیگر منصوبوں میں کھربوں کی کرپشن کو نظر انداز کر رہے ہیں، وہ ایل این جی کی خریداری میں ضائع ہونیوالے اربوں سے بھی اندھے ہیں، نیب ہیلی کاپٹر کیس ، عمران کے مشیروں اور وزراء کی چوری اور لوٹ مار کے معاملے میں مکمل طور پر اندھا ہے، بدعنوانی کے مجرم مشیروں اور وزراء کو سزا دینے کے بجائے حکومت ان میں ردوبدل کرتی ہے جو عمران خان کے طاقتور جوابدہی کے بڑے دعوئوں کے بارے میں بولتے ہیں،نیب نے نظر انداز کر دیا اور کانوں کو بہرا کر دیا ،عمران مافیا اور اے ٹی ایم سے فائدہ اٹھاتا ہے اس سرکس کو روکنے کی ضرورت ہے۔